عوامی مسائل کے حل کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی جائے ،ڈپٹی کمشنر کامونکے

جمعہ 17 جنوری 2020 23:19

کامونکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جنوری2020ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف اور سٹی پولیس آفیسر گوہر مشتاق بھٹہ کے زیر صدارت بلدیہ ھال کامونکے میں مشترکہ کھلی کچہری کا انعقاد، ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف اور سٹی پولیس آفیسر گوہر مشتاق بھٹہ نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال اور املاک کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس ٹیم کی صورت میں کام کررہی ہے،عوامی مسائل کا تعلق کسی بھی محکمہ سے ہو ان کے حل کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی جائے گی۔

کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر خالد عمر قریشی،اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر رانا جمیل،اسسٹنٹ کمشنر کامونکے شاہد عباس جوتہ،اے ایس پی کامونکے نوشیروان،سی ای او میونسپل کارپویشن کامونکے سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے منعقدہ مشترکہ کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے شہر میں ناجائز تعمیرات،غیر قانونی قبضے،محکمہ ایجوکیشن،محکمہ پولیس،ٹریفک مسائل(جی ٹی روڈ پرغیر قانونی رکشہ پارکنگ،تجاوزات،ون وے کی خلاف ورزی)اور میونسپل کارپوریشن کامونکے سمیت 11شکایات درج کروائی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر اور سٹی پولیس آفیسر نے موصول شکایات کو آئندہ جمعہ تک حل کرتے ہوئے متعلقہ محکموں سے عملدرآمد کی رپورٹ طلب کر لی۔کھلی کچہری میں اکبر گھنوکی کے علاقہ سے تعلق رکھنے والے شہری نے ڈپٹی کمشنر اور سٹی پولیس آفیسر سے درخواست کی کہ مسیحی قبرستان پر ناجائز قبضے کو ختم کروایا جائے اور زمین کو مسیحی قبرستان کے حوالہ کیا جائے جس پر ڈپٹی کمشنر اور سٹی پولیس آفیسر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیس میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورے کرتے ہوئے مسئلہ کو آئندہ جمعہ تک حل کروایا جائے اور تحریری طور پر کیس کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتو ں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں انتظامیہ اور پویس شہری حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی اور اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی محکمانہ غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔میڈیا کے نمائندوں کی طرف سے جی ٹی روڈ پر ٹریفک مسائل، غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز اور غیر ضروری یو ٹرن کے باعث رونما ہونے والے حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات اُٹھانے پر زور دیتے ہوئے انہیں بتایا کہ مین بازارکامونکے،ٹینکی سٹاپ،ڈگری کالج سٹاپ، بھولا پیر دربار،تاج میرج ہال یوٹرن اور دیگر مقامات پر غیر قانونی پارکنگ کے باعث روز بہ روز حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے جن کی روک تھام کے لیے ٹریفک عملہ کی تعیناتی،غیر ضروری یوٹرنز کا فوری خاتمہ ضروری ہے۔

ڈپٹی کمشنر اورسی پی اونے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور انہیں کہا گیا ہے کہ اس سلسلہ میں فوری ٹھوس اقدامات بروئے کار لائے جائیں تا کہ حادثات کی روک تھام اور ٹریفک نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے عوامی شکایات کے فوری حل کے لیے ضروری اقدامات بروئے کار لائیں تا کہ عوامی شکایات کا ازالہ اور انہیں بہتر سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں