نوجوان فاسٹ باؤلر حسن علی کا آبائی علاقے میں واپسی پر شاندار استقبال

ہفتہ 10 ستمبر 2016 16:31

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 ستمبر۔2016ء) قومی ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی کا آبائی علاقے میں واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا ۔22 سالہ حسن علی نے انگلینڈ کے دورے میں پاکستان اے کی طرف سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کا انعام انھیں پاکستان کی ون ڈے ٹیم میں شامل کیے جانے کی صورت میں ملا۔انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں انہوں نے 8شکار کیے جس میں آخری ون ڈے میں 60رنز کے عوض 4وکٹیں بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ٹرینٹ برج کے ون ڈے میں جہاں انگلینڈ نے ون ڈے کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور444 رنز بنائے وہاں حسن علی نے 74 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اسی میچ میں ان سے کہیں زیادہ تجربہ کار وہاب ریاض نے110 رنز اور محمد عامر نے 72 رنز دے ڈالے تھے ۔ حسن علی نے اننگز کا آخری اوور بڑی عمدگی سے کرتے ہوئے صرف 6 رنز دیے تھے جبکہ ان کے سامنے جوز بٹلر اور این مورگن جیسے بیٹسمین موجود تھے ۔حسن علی کا تعلق گوجرانوالہ کے قریبی گاں لدھے والا وڑائچ سے ہے جس کے گلی محلوں میں انھوں نے اپنی کرکٹ شروع کی،حسن علی پاکستان کے سابق فاسٹ بالر وقاریونس کے زبردست مداح ہیں اور انہی کی طرح کامیابیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

گجرانوالہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں