مہنگی بجلی سابقہ حکومتوں کا کا ر نامہ ہے‘عمرایوب خان

موجودہ وفاقی حکومت عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے

پیر 18 نومبر 2019 15:33

مہنگی بجلی سابقہ حکومتوں کا کا ر نامہ ہے‘عمرایوب خان
تربیلا غازی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2019ء) وفاقی وزیربرائے توانائی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا کہ مہنگی بجلی سابقہ حکومتوں کا کا ر نامہ ہے۔ موجودہ وفاقی حکومت عوام کو سستی بجلی کی فراہمی کیلئے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے۔ الیکشن کے دوران عوام سے کئے گئے وعدئے پورے کئے جائیں گے۔عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے تحصیل غازی کے موضع عمر خانہ میں سوئی گیس کے منصوبہ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ افتتاحی تقریب سے پاکستان تحریک انصاف صوبہ کے پی کے کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ملک طاہر اقبال، پی ایس ٹو ایم پی اے فیصل زمان شاہد اقبال، سابق ممبر تحصیل کونسل نصر اقبال ، احسان مشوانی کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے۔ گذشتہ الیکشن کے دوران حلقہ کے عوام سے جو وعدئے کئے تھے اُنکو انشاء اللہ پورے کر رہے ہیں۔حلقہ میں ترقیاتی کاموں کا تسلسل جاری ہے۔ بجلی کے مسائل کو بھی حل کیا جارہاہے تاکہ ولٹج کی کمی کو پورا کیا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے تمام وزراء کو ہدایت کی ہوئی ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کام کریں ۔ ایمانداری و دیانتداری کو اپنا شعار بنائیں ۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ یوسی کنڈی کے تمام بانڈہ جات کو سوئی گیس کی فراہمی کی جائے گی ۔ یوسی خیرباڑہ و کوئیٹرہ میں بھی جلد سوئی گیس فراہمی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

ہری پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں