حسن ابدال،اپنا گھر سکیم کے تحت عوام میں 40 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں ،ملک امین اسلم

اپنا گھر سکیم کے تحت عوام میں 40 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں جو فلاحی ریاست کی جانب سے اہم قدم ہے، مشیر

ہفتہ 29 جنوری 2022 19:12

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2022ء) مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ چوروں نے ملکی معیشت کو اجاڑ کر ہمارے حوالے کیا جس کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں،اپنا گھر سکیم کے تحت عوام میں 40 ارب روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں جو فلاحی ریاست کی جانب سے اہم قدم ہے، ہیلتھ کارڈ انقلابی قدم ہے جس سے ہر شخص دس لاکھ روپے تک کا اعلاج کروا سکتا ہے جو ماضی میں صرف ایک خواب تھا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے حسن ابدال کے نواحی علاقے حصار تا کٹاریاں روڈ کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ چوہدری طلعت،ملک عظمت،ڈاکٹر خرم حیات، صالح محمد،شومی خان اورالطاف حسین طافو سمیت پارٹی رہنماوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

ملک امین اسلم نے کہا کہ عمران خان اس ملک میں تبدیلی کا نشان ہے جس نے ملک میں مافیا کے خلاف جہاد کا اعلان کیا اور ملک لوٹنے والوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ حصا ر سے کٹاریاں کی 12کلو میٹر کی سڑک 145ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کی جا رہی ہے جس سے یہاں کے عوام کو سفر کی آسان سہولت میسر آ سکے گی جبکہ علاقے میں گیس کی فراہمی بھی ہماری اولین ترجیح ہے جو ہم ووٹوں کے لالچ میں نہیں کر رہے بلکہ ہماری سیاست کا محور ہی عوام کی خدمت کرنا ہے۔تقریب میں آمد کے موقع پر ان کا پروقار استقبال کیا گیا،ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں،انہوں نے جلسہ گاہ آمد سے قبل سڑک کی تعمیر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں