مطالعہ کے شوقین لوگ ہی نامور خطیب و مقرر قرار پائے، اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال

بدھ 17 اپریل 2024 21:21

حسن ابدال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) اسسٹنٹ کمشنر حسن ابدال ڈاکٹر ثناء رام چند نے کہا ہے کہ مطالعہ انسان کی ذہنی صلاحیتوں کو جلا بخشتا ہے دنیا کی نامور شخصیات صاحب مطالعہ ہی ہیں اور مطالعہ کے شوقین لوگ ہی نامور خطیب و مقرر قرار پائے، پاکستانی سیاست میں سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کتب بینی کے دلدادہ رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرسید ایجوکیشن فاٶنڈیشن کے تحت دو روزہ کتب میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا دیگر مقررین میں ڈائریکٹر فاٶنڈیشن قاضی ظہورالحق، صدر طاہر محمود درانی، پی پی پی راہنما سردار ذوالفقار حیات خان، راجہ نور محمد نظامی، جاوید اقبال افگار، شاہد اعوان، کرنل شفاعت خان، ملک ممریز خان، یعقوب ملک، پروفیسر نصرت بخاری، عتیق الرحمٰن چغتائی شامل تھے جبکہ نظامت کے فرائض صحافی و اینکر پرسن عفت رٶف نے ادا کیے۔

(جاری ہے)

مقررین نےسرسید فاٶنڈیشن کی کاوش کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے تجویز پیش کی کہ سرکاری سطح پر کتب میلوں کا انعقاد ہونا چاہئیے تاکہ نوجوان نسل کو کتب بینی کی جانب راغب کیا جا سکے کیونکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں میں مطالعہ کا شوق پیدا کرنا والدین، اساتذہ اور سکول انتظامیہ کی بھی ذمہ داری ہے۔ کتب میلے میں نیشنل بک فاٶنڈیشن، گابا پبلشرز، اکادمی ادبیات، مقتدرہ قومی زبان، ادیبوں، شاعروں اور مصنفین کی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ حسن ابدال و گردونواح سے خواتین و حضرات اور طلبا و طالبات کثیر تعداد میں میلے میں شریک ہوئے اور کتب خریدیں۔

میلے میں شامل کتب میں اردو، پنجابی، سرائیکی، پشتو زبان کی کتب کے علاوہ شاعری، ادب، تاریخ، سائنس، آئی ٹی سے متعلقہ کتب شامل تھیں۔ کتب میلہ کے پہلے روز سرکاری و نجی سکولوں کے سینکڑوں طلبا و طالبات بھی شریک ہوئے۔ دریں اثناء تقریب میں سیکنڈ ائیر کی ہونہار طالبہ مسکان ذوالفقار بٹ کی انگریزی زبان کی تصنیف کی رونمائی ہوئی جسے حاضرین نے خوب سراہا مسکان میونسپل کمیٹی حسن ابدال کے انجینئر ذوالفقار علی بٹ کی صاحبزادی ہیں۔ علاعہ ازیں پنڈی گھیب سے تعلق رکھنے والی شاعرہ آنسہ نے اپنی تصانیف میلے میں متعارف کرائیں۔

حسن ابدال میں شائع ہونے والی مزید خبریں