سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے، شاہ عبداللطیف بھٹائی نے اپنی شاعری اور تبلیغ کے ذریعے سندھ میں محبت، بھائی چارے اور رواداری کا درس دیا، پی پی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار

پیر 14 اکتوبر 2019 18:50

ْحیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے اور شاہ عبداللطیف بھٹائی نے اپنی شاعری اور تبلیغ کے ذریعے سندھ میں محبت، بھائی چارے اور رواداری کا درس دیا ہے یہی وجہ ہے کہ سندھ کی عوام انتہا پسندی اور شدت پسندی کو پسند نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کی تعلیمات پر عمل کرکے سندھ کو امن و محبت اور بھائی چارے کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت ہمیشہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے فکرو فلسفے کو آگے بڑھانے میں کوشاں رہی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ آپس کے اختلافات اور ذاتی عناد سے بالاتر ہوکر سندھ میں لسانیت ، فرقہ واریت ، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ جب تک امن نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرسکتا اور نہ ہی صوبہ ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کامل بزرگ تھے وہ رنگ ونسل اور مذاہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت اور انسانی حقوق کیلئے جدوجہد کرتے رہے ہمیں بھی چاہئے کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے فکر وفلسفے کو عام کریں تاکہ صوبہ او رملک ترقی کرسکے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں