سندھ میں پانی کی قلت ختم کرنے کے ارسا کے اعلانات کے باوجود سندھ کے کسان اور آبادگار پانی سے محروم ہیں،عوامی تحریک

سندھ کے حصے کے پانی پر ایک طرف پنجاب کا حکمران طبقہ ڈاکہ ڈال رہا ہے تو دوسری اور جو پانی سندھ میں آ رہا ہے اس پر پیپلز پارٹی کے وزیر، مشیر اور سندھ کے جاگیردار اور بااثر وڈیرے ڈاکہ ڈالتے ہیں،لال جروار

پیر 13 مئی 2024 22:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) عوامی تحریک کے مرکزی صدر لال جروار، مرکزی جنرل سیکریٹری نور احمد کاتیار، مرکزی رہنما ستار رند اور محمد علی تالپور نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ میں پانی کی قلت ختم کرنے کے ارسا کے اعلانات کے باوجود سندھ کے کسان اور آبادگار پانی سے محروم ہیں۔ نچلے حصے والے آبادگاروں اور کسانوں کو پانی سے محروم کیا گیا ہے۔

ایک بیان میں ان رہنمائوں نے کہا کہ سندھ کے حصے کے پانی پر ایک طرف پنجاب کا حکمران طبقہ ڈاکہ ڈال رہا ہے تو دوسری اور جو پانی سندھ میں آ رہا ہے اس پر پیپلز پارٹی کے وزیر، مشیر اور سندھ کے جاگیردار اور بااثر وڈیرے ڈاکہ ڈالتے ہیں۔ چھوٹے آبادگاروں اور کسانوں کو پانی کی بوند بوند کے لیے تڑپایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ آبپاشی وڈیروں کے ساتھ مل کر چھوٹے آبادگاروں کا پانی بیچ رہے ہیں۔

محکمہ آبپاشی وڈیروں کے کمداروں والا کردار ادا کر رہا ہے۔ کسانوں اور آبادگاروں کا پانی بند کر کے زمینوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ کارپوریٹ فارمنگ پراجیکٹ کے تحت سندھ کی زمینوں پر قبضہ کرنے کے لیے سندھ کی زمینیں بنجر بنائی جا رہی ہیں۔ پنجاب کے سیلاب والے ڈاکو کینال ہمیشہ بہہ رہے ہیں۔ جبکہ سندھ کو اپنے حصے کا پانی بھی نہیں مل رہا۔ پانی کی قلت ختم کرنے کے اعلانات جھوٹے اعداد و شمار پر مشتمل ہیں، انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب کے حکمران طبقے نے کئی غیرقانونی کینال اور ہائڈرو ورکس بنا کر سندھ کا پانی بند کر دیا ہے۔

سندھ کے حصے کے پانی پر پنجاب کی بمپر فصلیں اگائی جا رہی ہیں۔ پنجاب کے حکمران ڈیلٹا کا پانی بند کر کے دریا کا قتل کر رہے ہیں۔ ڈیلٹا کا پانی بند ہونے کے باعث ماحولیاتی تباہی آئی ہے۔ تمر کے جنگلات تباھ ہو گئے ہیں۔ سمندر کا کھارا پانی اوپر آنے کے باعث ٹھٹہ، سجاول، اور بدین کی زمینیں سمندر نگل گیا ہے۔ جر کا پانی کھارا زہر بن گیا ہے۔ دریائے سندھ کے پانی پر ڈاکہ سندھی قوم کی نسل کشی کرنے کے برابر ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں