حیدرآباد، بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیںاورانہیں ہمیشہ کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا،محمد اسلم سومرو

اور اس کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

پیر 24 ستمبر 2018 20:48

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محمد اسلم سومرو نے کہا ہے کہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیںاورانہیں ہمیشہ کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا اور اس کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا-ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ بھٹائی ہسپتال لطیف آباد حیدرآباد میں قائم ویکسینشن سینٹر میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلاکر مہم کا باقاعدہ آغاز کرنے کے بعد کیا - ڈی سی حیدرآباد نے 28 ستمبر2018 تک جاری رہنے والی انسدادپولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی تاکہ مہم کے سو فیصد نتائج حاصل کیے جاسکیں -انہوں نے کہا کہ مہم میں متعلقہ افسران یا عملے کی جانب سے فرائض میں کوتاہی برتنے یا غفلت کا مظاہرہ کیے جانے کوبرداشت نہیں کیاجائیگااورمتعلقہ ملازمین کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی کیونکہ یہ ہمارے مستقبل کا معاملہ ہے - اس موقع پر انسداد پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر مسعود جعفری نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع حیدرآباد میںپانچ سال تک کی عمرکے 336675 بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کے لیے 991 گشتی ٹیمیں ، 117 مقررہ ٹیمیں ، 23 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں جبکہ 77 صحت افسران کے علاوہ244 ایریا انچارجز بھی انسداد پولیو مہم میں حصہ لیں گے - بعد ازاں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محمد اسلم سومرو نے شاہ بھٹائی ہستپال لطیف آباد کے شعبہ حادثات، جنرل وارڈ ، گردوں کے امراض کے شعبے کے علاوہ دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا- دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں ضروری ادویات کی دستیابی ،صفائی ستھرائی کے بہترانتظامات کے علاوہ دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے -میڈیکل سپرنٹینڈنٹ بھٹائی ہسپتال لطیف آباد ڈاکٹر نسرین میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے بھٹائی ہسپتال کی انتظامیہ دن رات کوشاں ہے - اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ بھٹائی ہسپتال لطیف آباد کی مطلو بہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں