ْانسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر حیدرآباد میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں

پیر 10 دسمبر 2018 23:53

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر حیدرآباد میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں ، واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا ، انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی سندھ ٹاسک فورس کی جانب سے حیدرآباد پریس کلب میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے پروفیسر مشتاق میرانی، پروفیسر بدر سومرو، مس غفرانہ، امداد چانڈیو، امجد پلیجو، مس قرة العین ، پروین سومرو، پشپا کمار، ایم پرکاش ، لالہ عبدالعلیم اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انسانی حقوق کے احترام سے مہذب معاشرے وجود میں آتے ہیں‘ انسان کی جان و مال ، عزت و آبرو اور سیاسی و معاشی حقوق کا تحفظ کرنے سے معاشرہ اور قومیں ترقی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ خواتین، اقلیتوں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہم وقتاً و فوقتا آواز اٹھاتے رہتے ہیں‘ سندھ میں ہاریوں سے جبری مشقت اور نجی جیلوں کے خلاف جدوجہد کی ہماری ایک تاریخ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر اور ہمارا ملکی آئین ہر شخص کو تحریر و تقریر کا آزادی کی اجازت دیتا ہے انہوں نے کہا کہ ماورائے عدالت قتل کرنا ، ہاف فرائی و فول فرائی کی اصطلاحات لوگوں پر مقدمہ قائم کئے بغیر انہیں غائب کرنے سے معاشرے میں بے چینی پھیلتی ہے حکومتوں کو اس کی روک وتھام کے لیے خصوصی اقدامات کرنا چاہئیں انہوں نے کہا کہ خواتین سے انتہائی کم تنخوا ہ پر محنت و مزدور ی کرانا انہیں علاج ومعالجے کی سہولتیں نہ دینا ان کے بچوں کے لیے تعلیم کا بندوبست نہ کرنا بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے مقررین نے کہا کہ کم عمر بچوں سے مشقت لینا درست نہیں ان کا حق کھیل و کود اور تعلیم کا حصول ہے ہمیں اجتماعی جدوجہد کرکے اپنی نسلوں کو تباہی سے بچانا چاہیئے اور وقت کے حکمرانوں کو انسانی حقوق کے تحفظ کی جانب توجہ مبذول کراتے رہنا چاہیئے حیدرآباد میں بنیادی انسانی حقوق کمیشن ، انسانی حقوق فورم ، پاسبان اور دیگر تنظیموں کی جانب سے آگاہی واک اور ریلیوں کا اہتمام بھی کیا جن میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی کا مطالبہ اورکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں