حیدرآباد میں آتشزدگی کے دو واقعات، تین فیکٹریوں میں لاکھوں روپے کا نقصان

دونوں جگہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، فائربرگیڈ تاخیر سے پہنچی، شہر میں قلت کے باعث پانی جام شورو سے لانا پڑا

بدھ 16 جنوری 2019 19:05

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) حیدرآباد میں آتشزدگی کے دو واقعات میں تین فیکٹریوں میں لاکھوں روپے کا نقصان ہو گیا۔ شہر کے گنجان علاقہ ٹنڈو آغا میں پلاسٹک کے شاپنگ بیگ بنانے کی ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اس سے متصل بسکٹ فیکٹری اور دال کے گودام کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ اہل محلہ نے آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم آگ مزید تیز ہو گئی اور اس نے برابر میں ڈی آئی جی جیل سکھر شجاع مرز ا اور دوسری جانب مہران گرلز ہائی اسکول کو بھی نقصان پہنچا یا۔

(جاری ہے)

شجاع مرزا کے گھر کی دیوار گِر گئی۔ آگ کی وجہ سے اسکول میں چھٹی کرادی گئی۔ چا ر گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فائربرگیڈ نے آگ پر قابو پایا۔ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔ آتشزدگی کے اس واقعہ سے لاکھوں روپے کا سامان خاکستر ہو گیا بسکٹ اور پلاسٹک کی فیکٹریاں مکمل تباہ ہو گئیں۔ دوسرے واقعہ میں حیدرآباد کے صنعتی علاقے میں واقع رائس ملز میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ یہاں بھی فائربرگیڈ تاخیر سے پہنچی جس کا سبب یہ بتایا گیا ہے کہ شہر میں پانی نہیں ہے اس لیے جام شورو سے پانی لانا پڑا ہے۔ آگ کے دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں