یہ ہم سب کا فرض ہے کہ اس عظیم مملکت خداداد کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ، ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ

ہفتہ 23 مارچ 2019 23:23

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2019ء) ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ 23مارچ پاکستان کیلئے ایک اہم دن کی حیثیت رکھتا ہے 23مارچ 1940 کو قرار داد پاس کی گئی کہ ہندو اور مسلمان دو علیحدہ قومیں ہیں اورمسلمانوں کا ایک علیحدہ وطن ہونا چاہیے جہاں انہیں اور اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہو ان خیالات کا اظہارانہوںنے آج ڈی جی ایچ ڈی اے سیکریٹریٹ حیدرآباد میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ،کمشنر حیدرآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم جدوجہد اور لاکھوں قربانیوں کے بعد اسلام کے نام پر یہ ملک حاصل کیا گیا ہے اور یہ ہم سب کا فرض ہے کہ اس عظیم مملکت خداداد کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک اور ہماری پہچان ہے ، انہوں نے مادر وطن کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کرنے اور دن رات سرحدوں کی حفاظت کرنے پر مسلح افواج کے جوانوں کو سلام پیش کیا ، انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے پاکستان جیسے ایک آزاد ملک کے مستقبل کی باگ دوڑسنبھالنے کیلئے وہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں تاکہ پاکستان جدید اقوام کی صف میں شامل ہو سکے ،انہوںنے کہا کہ پاکستان کو ترقی میں درپیش کئی چیلنجز کا سامنہ ہے جنہیں صرف تنقید کے بجائے مثبت کردار سے حل کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام میئر حیدرآباد سہیل مشہدی نے کہا کہ 23مارچ ایک خاص جذبے سے منایا جاتا ہے اس دن ہمارے بزرگوں کی آزادی کیلئے جدوجہد اور قربانیوں کو یاد کیا جاتا ہے تاکہ ہماری نئی نسل بھی یہ جا ن سکے کہ وطن عزیز کتنی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے اور اس کی تعمیر و ترقی اور سالمیت کیلئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم احمد شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23مارچ ہمارے لئے ایک مثالی دن ہے کیوں کہ 23مارچ کو قرار داد پاس کر کے پاکستان کی بنیاد رکھی گئی اورپاکستان کی بقا کیلئے ہماری جانیں قربان ہیں۔ قبل ازیں ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے ڈی آئی جی حیدرآباد اورقائم مقام میئر حیدرآباد سہیل مشہدی نے پرچم کشائی کی بعد ازاں ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے ڈی آئی جی حیدرآباد اورقائم مقام میئر حیدرآباد سہیل مشہدی نے 23مارچ کا کیک کاٹا اور ڈی جی ایچ ڈی اے سیکریٹریٹ کے احاطے میں پودے لگا ئے ۔

تقریب میں اسکاؤٹس اور اسکول کے بچوں نے بینڈز پر ملی نغموں کی خوبصورت دھنیں بجائیں اور حاضرین سے داد وصول کی ۔تقریب میں مختلف سرکاری محکموں کے اعلیٰ افسران و عملے سمیت غیر سرکاری تنظیموں ، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں