حیدرآباد شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد

پیر 18 نومبر 2019 23:53

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2019ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ حیدرآباد شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش ٹریفک مسائل کو حل کیا جا سکے، وہ اپنے دفتر میں ٹریفک کے مسائل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں، ڈی سی عائشہ ابڑو نے آئندہ ہفتہ ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کا اجلاس طلب کرتے ہوئے تجویز دی کہ شہر کے مختلف مقامات پر ٹریفک کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے شٹل سروس شروع کرنے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے مسافر اپنے مقامات کو جانے والی بڑی گاڑیوں تک پہنچ سکیں گے اور بڑی گاڑیوں کا شہر میں داخلہ پر پابندی پر بھی عملدرآمد ہو سکے گا، انہوں نے واضح کیا کہ شٹل سروس شروع کرنے کے حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا، انہوں نے سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی حیدرآباد کو ہدایت کی کہ شہر میں مسافروں سے اضافی کرایہ اور غیر قانونی بس اڈوں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کے حوالے سے پروگرام ترتیب دے کر ڈی سی آفس میں بھی کاپی جمع کرائیں، اس سلسلے میں تمام تعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز سے ملکر شہر کے مختلف مقامات پر کاروائی کرنے کیلئے پروگرام واضح کریں، انہوں نے ہدایت کی کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی طرف سے جاری اجازت ناموں کی تاریخ اجراء اور تاریخ تنسیخ واضح طور پر تحریر کی جائے تاکہ متعلقہ افسران مدہ خارج اجازت نامہ رکھنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کاروائی کر سکیں، اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد محمد یوسف شیخ ، ایس پی ہیڈ کوارٹر نور احمد رند ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی فراز احمد صدیقی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں