حکومت کی طرف سے کورونا وائرس سے متعلق جاری کردہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنا کاروبار جاری رکھیں،صدر حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز

منگل 24 نومبر 2020 23:17

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم الدین قریشی نے تاجر و صنعتکار برادری سے درخواست کی ہے کہ حکومت کی طرف سے کورونا وائرس (کووڈ 19-) سے متعلق جاری کردہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنا کاروبار جاری رکھیں، دورانِ کاروبار ماسک اور سینیٹائز کا استعمال کریں، خود بھی اِس کی پابندی کریں، اپنے ماتحت عملے کو بھی اِس کا پابند بنائیں اور صارفین کو بھی بغیر ماسک پہنے اپنے کاروبار کی جگہ نہ آنے دیں، مصافحہ کرنے سے گریز کریں، اُنہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کاروباری اوقات کی سختی سے پابندی کریں، ایک بیان میں سلیم الدین قریشی نے کمشنر حیدرآباد ڈویژن محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لالا جعفر سے مطالبہ کیا کہ وہ کووڈ 19- اور احتیاطی تدابیر سے عوام کو آگاہی کا انتظام کریں اور ہسپتالوں میں مطلوبہ بیڈز اور ونٹیلیٹرز کا انتظام کریں تاکہ ایمرجنسی کی صورتحال میں کمی نہ پائی جائے، اُنہوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور ڈسپینسریوں میں بھی احتیاطی تدابیر لاگو کی جائیں اور وہاں بغیر ماسک کے اجازت نہ دی جائے اور سینیٹائز کا استعمال لازمی قرار دیا جائے تاکہ مریض، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف اِس بیماری سے محفوظ رہ سکیں۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں