ملکی و عالمی حالات سے آگاہی، تحریکی پالیسیوں کا ادراک اور ابلاغی مہارتوں پر عبور نشرواشاعت کے ذمہ داران کے مطلوبہ اوصاف ہیں، دردانہ صدیقی

پیر 25 جنوری 2021 23:17

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2021ء) سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ ملکی و بین الاقوامی حالات سے آگاہی، تحریکی پالیسیوں کا ادراک اور ابلاغی مہارتوں پر عبور نشرواشاعت کے ذمہ داران کے مطلوبہ اوصاف ہیں۔وہ شعبہ نشرواشاعت حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے زیراہتمام صوبائی و ضلعی نگرانات کے لئے آن لائن تربیتی ورکشاپ کے تیسرے اور آخری سیشن سے خطاب کر رہی تھیں جس میں پاکستان بھر سے صوبائی اور ضلعی نگرانات اور نائبین نے شرکت کی۔

دردانہ صدیقی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے شعبہ نشرواشاعت کے ذمہ داران کو شعبے کی اہمیت اور حساسیت پر توجہ دلائی، انہوں نے کہا کہ شعبہ نشرواشاعت دراصل الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں جماعت کے موقف کا ترجمان ہے، لہذا تحریک کی پالیسیوں سے آگاہی، باریک بینی سے حالات کا مشاہدہ اور تحقیق شعبہ نشرواشاعت کے ذمہ داران کے بنیادی ہتھیارہیں موجودہ دور میں دعوت کا ابلاغ قلم اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ مربوط ہے، ہمیں مستحکم نظریاتی شناخت کے ساتھ معاشرے کی رہنمائی کرنا ہے اسکے لئے جدید زرائع ابلاغ کے درست استعمال اور وسائل سے استفادے پر عبور حاصل کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ایک داعی کی حیثیت سے ابلاغیات کی دنیا میں بھی تڑپ اور اخلاص کے ساتھ ہی دعوت و تبلیغ کا فریضہ انجام دیا جا سکتا ہے اس کے لئے اصلاح نفس اور محاسبہ بنیادی شرائط ہیں۔

(جاری ہے)

امیج بلڈنگ پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی نگران شعبہ امور خارجہ ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ ایک کامیاب مبلغ نرم گفتار، خوش اخلاق، باکردار، علم و حکمت کا سرچشمہ اور قول و فعل میں متوازن شخصیت کا حامل ہوتا ہے اوروہ دلوں میں نفوذ پذیری کی طاقت بھی رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے وابستہ خواتین سے ہمارا دلی لگاؤ پر مبنی تعلق ہونا چاہیے، موجودہ دور میں میڈیا امر باالمعروف اور نہی عن المنکر کا اہم ترین میدان ہے جو آج کل کے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق جاذبیت کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، دیکھنا یہ ہے کہ ہمارے کرداری روئیے ہمیں اس محاذ میں اپنا جائز مقام دلوانے میں کس حد تک معاون ثابت ہوتے ہیں، ہم سب کو غوروفکر کرنا ہے کہ محتاط انداز میں ہم میڈیا کے محاذ کو اپنی تحریک کے وسیع تر مفاد میں کیسے استعمال کریں۔

میڈیا مانیٹرنگ کے موضوع پر گفتگو میں نائب نگران نشرواشاعت نیئر کاشف نے کہا کہ معاشرے کی ترقی و تنزلی ذرائع ابلاغ سے مشروط ہے، یہ ذرائع ابلاغ ہی ہیں جو معاشرتی اقدار کو بنانے یا بگاڑنے میں خصوصی کردار ادا کرتے ہیں لیکن معاشرے کے صالح عناصر اورارباب اختیار کا فرض ہے کہ میڈیا کے وظائف پر نظر رکھے، خیر کے پہلو کو شر پر غالب رہنا چاہیے، اگر ذرائع ابلاغ تعمیر کی بجائے تخریب کی جانب گامزن ہو جائیں تو ملکی ترقی اور اصلاح معاشرہ جیسے مقاصد زمین بوس ہو جائیں گے، انبیاء علیہم السلام نے بھی اللہ کے دین کی دعوت کو پھیلانے کے لئے مختلف اسلوب کو اپنایا اور ان کے ذریعے اپنی اقوام کو اللہ کا پیغام پہنچایا مگر ان اسلوب کو درست سمت میں گامزن رکھنے کے لئے تنقیدی جائزہ لازمی امر ہے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں