ایچ ڈی اے نے غیر قانونی اور ناد ہندہ ہائوسنگ اسکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا

ہفتہ 25 جون 2022 00:08

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2022ء) ایچ ڈی اے نے غیر قانونی اور ناد ہندہ ہائوسنگ اسکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا،مختلف تعلقوں کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، سر براہی ڈائر یکٹر P&DC خود کریں گے،سادہ لوح عوام کو زندگی بھر کے سرمایہ سے محروم کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ایچ ڈی اے میڈیا سیل کے مطابق شہر میں نام نہاد بلڈرز کی جانب سے غیر قانونی اسکیموں کے نام پر عوام الناس سے لوٹ مار کے تسلسل کے ساتھ ہونے والے واقعات کا سختی سے نو ٹس لیتے ہوئے ایچ ڈی اے نے ایسے نام جعلساز بلڈرز اور ان کی غیر قانونی اسکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے، اس مقصد کے لئے تعلقہ سٹی ،لطیف آباد ،قاسم آباد اور تعلقہ حیدرآباد دیہی میں کارروائی کی غرض سے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیںجن کی سر براہی ڈائر یکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کنٹرول منیر احمد سو مرو بذات خود کریں گے۔

(جاری ہے)

ایچ ڈی اے ترجمان کے مطابق ادارے کے علم میں آیا ہے کہ حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں 72 غیر قانونی ہائوسنگ اسکیموں کے اسپانسرز/ بلڈرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں خوبصورت دفاتر قائم کر کے پلاٹوں کی بکنگ اور خرید و فروخت کاکام جاری کیا ہوا ہے اور اس مذموم مقصد کے لئے وسیع پیمانے پر اسکیموں کی تشہیر بھی کی جا رہی ہے یہ ایک غیر قانونی عمل ہے، ایچ ڈی اے نے اس صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ اسکیموں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، عوام الناس کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مذکورہ اسکیموں سرمایہ کاری سے گریز کریں، ان اسکیموں کے علاوہ کسی دوسری اسکیم میں بھی پلاٹس کی بکنگ سے قبل P&DC آفس واقع سوک سینٹر حیدرآباد سے رجوع کریں اور اسکیم کی قانونی حیثیت کی ضرور پڑتال کر لیں، ایچ ڈی اے نے ایسی غیر قانونی اسکیموں کے اسپانسرز/ ڈویلپرز کو بھی متنبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارہ کی منظوری کے بغیر کسی بھی اسکیم کی تشہیر یا پلاٹوں کی بکنگ ایک غیر قانونی اقدام ہے اور اس کے مرتکب افراد کے خلاف سندھ ایچ ڈی اے ایکٹ 1976 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں