نویں و دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کو شفاف بنانے اور نقل کی روک تھام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،صوبائی وزیر یونیورسٹیزوبورڈز

ہفتہ 27 اپریل 2024 22:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) صوبائی وزیر یونیورسٹیز و بورڈز محمد علی ملکانی نے کہاہے کہ سندھ میں 2 مئی سے نویں و دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات منعقد ہورہے ہیں ،امتحانات کو شفاف بنانے اور نقل کی روک تھام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ شہید بینظیرآباد کے دورے کے دوران تعلیمی بورڈ کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نقل کی روک تھام کیلئے ویجیلنس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر امتحانی مراکز کے اچانک دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لیں گی ۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ کوئی افسر یا ملازم نقل کرانے میں ملوث نظر آیا تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ نقل ہمارے معاشرے کیلئے ناسور بن چکی ہے جس کا خاتمہ ضروری ہے ،نقل کی روک تھام کیلئے اساتذہ، سول سوسائٹی اور میڈیا کو کردار ادا کرنا ہوگا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ نقل کی روک تھام اور شفاف طریقے سے امتحانات کرانے کیلئے شہید بینظیرآباد بورڈ کے بعد سکھر اور لاڑکانہ بورڈ کے افسران کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں گے ۔صوبائی وزیر نے تعلیمی بورڈ شہید بینظیرآباد کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ 2 مئی سے منعقد ہونے والے بورڈ کے امتحانات کے دوران تینوں اضلاع میں نقل کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ۔

اس موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ شہید بینظیرآباد پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق حسن نے بورڈ کے امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام اور بورڈ کے جاری کام سے متعلق صوبائی وزیر کو تفصیلی آگاہی دی ۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے بورڈ کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور بورڈ میں او ایم آر اینڈ آٹومیشن آئی ٹی لیب کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر بورڈ کے کنٹرولر امتحانات اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں