=تاجروں کے لیے اپنی محنت کی کمائی میں سے جائز ٹیکس ادا کرنا اور اسکی بہترین انداز میں فائلنگ کرنا سیکھنا دورِ حاضر کی اًشد ضرورت بن گیا، ایڈووکیٹ زین العابدین

اتوار 12 مئی 2024 21:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2024ء) ایڈووکیٹ زین العابدین سہتو نے کہا کہ تاجروں کے لیے اپنی محنت کی کمائی میں سے جائز ٹیکس ادا کرنا اور اسکی بہترین انداز میں فائلنگ کرنا سیکھنا دورِ حاضر کی اًشد ضرورت بن گیا ہے۔ اِس سے وہ نا صرف تمام طریقہ کار سے واقف رہتے ہیں بلکہ ایف بی آر کی جانب سے کسی بھی نوٹس کی شکل میں بہتر جواب بھی دے سکتے ہیں اور اپنے اکاؤنٹس سے کی گئی کسی بھی ابنارمل ٹرانزیکشنز سے بھی بچ سکتے ہیں جن کا بعد میں جواز پیش کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

وہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری اور سمیڈا حیدرآباد کے اشتراک ہے ’’ ٹیکسیشن اینڈ ای فائلینگ آف انکم ٹیکس‘‘ کے موضوع پر چیمبر سیکریٹریٹ میں تاجروں کو بریفننگ دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ رجسٹریشن اور اپنے انکم ٹیکس گوشوارے کو بھرنے سے پہلے ہر ایک شخص کو اِن طریقہ کار کے بارے میں بنیادی سمجھ بوجھ حاصل کرنی چاہیے۔

ویب سائٹ www.iris.fbr.gov.pk آپ کو آئی ڈی اور پاسورڈ دیتا ہے جس کی مدد سے آپ خود اپنا انکم ٹیکس فائل کر سکتے ہیں۔ اُنہوں نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انکم ٹیکس سے متعلق بنیادی معلومات، ذاتی معلومات میں تبدیلی، انکم ٹیکس کے گوشوارے جمع کروانے کے طریقہ کار ،انکم ٹیکس اور وڈ ہولڈنگ ٹیکس فارمز، انکم ٹیکس ریفنڈز، ریکارڈ کیپنگ، پرائیویٹ اور کانفیڈنشل معلومات، غیر منقولہ جائیداد کی تشخیص و مالیت ودیگر کے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔

حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر محمد اسماعیل فاروق نامی نے کہا کہ سمیڈا حیدرآباد کی ٹیم چیمبر کے ساتھ مل کر حیدرآباد کے تاجروں کے لیے مختلف سیمینار کا انعقاد کر رہی ہے۔ جس سے تاجروں کو خود سے ٹیکس فائلینگ کرنے کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست کو ٹیکسز سے جمع ہونے والے مالی وسائل حکومت کے روزمرہ اًمور کی انجام دہی کے لئے درکار ہوتے ہیں۔

اقتصادی معاملات اور معاشرتی استحکام کے لئے بھی ٹیکسز کا اہم کردار ہوتا ہے۔ سینئر نائب صدر نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لیے تاجر دوست اسکیم متعارف کروائی مگر تاجروں میں آگاہی مہم کی کمی سے اس اسکیم نے اًب تک کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کی۔ ٹیکس ادا کرنے کے فوائد اور اُن کو فائل کرنے کے نظام کو آسان بنانا ہوگا اور تاجروں کے لیے اِس کی آگاہی مہم پر سیمینار منعقد کروانے ہوں گے جس سے تاجروں میں سے ٹیکس کو لے کر جو خوف و حراس ہے اُسے ختم کیا جاسکے۔

اُنہوں نے کہا کہ اِس سیمینار کے کامیاب انعقاد میں حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی سب کمیٹی سمیڈا کے کنونیئر اور سابق صدر دولت رام لوہانہ اور سمیڈا کے ریجنل بزنس کوآرڈینیٹر احسان علی ابڑو کی کاوشیں شامل ہیں۔ بعد ازاں سابق صدور دولت رام لوہانہ، محمد اکرام انصاری، اراکین ایگزیکٹیو کمیٹی سکندر علی راجپوت، وسیم احمد قریشی، کشور کمار بھاٹیا، شیخ شوکت علی و دیگر حاضرین نے ایڈووکیٹ زین العابدین سہتو سے ٹیکس کے متعلق سوالات بھی کئے۔ سیمینار میں حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی سب کمیٹیز کے کنونیئرز اور جنرل باڈی کے اراکین موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں