ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کو پاور ٹرانسمیشن سسٹم کی تیاری اور بجلی کی تقسیم کے نظام میں بہتری کے لئے 28 کروڑ 40 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا،معاہدے طے پا گئے

جمعرات 13 دسمبر 2018 17:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کو ماحولیات سے ہم آہنگ اور مضبوط پاور ٹرانسمیشن سسٹم کی تیاری اور بجلی کی تقسیم کے نظام میں بہتری لانے کے منصوبے کے لئے 28 کروڑ 40 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔اس سلسلے میں حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان قرضہ اور امداد کا معاہدے طے پا گئے۔

اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر شیاہونگ یانگ اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد خان نے معاہدوں پر دستخط کئے۔ اس موقع پر اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے بجلی کی مستحکم اور محفوظ ترسیل یقینی ہو سکے گی جس سے ملکی معیشت میں افرادی اور کاروباری پیداواریت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کی پاور سپلائی اور ٹرانسمیشن نیٹ ورک میں وسعت کے لئے حکومت اور نجی شعبے کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ بینک کے سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت مالیاتی سہولت کی تیسری قسط سے متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے میں 280 ملین ڈالر کا قرضہ اور 4 ملین ڈالر کی گرانٹ شامل ہے جس سے 1150 میگاواٹ بجلی کی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، معاہدے کے تحت صوبہ پنجاب میں اعلیٰ سطح کی ٹیکنالوجی اور ماحولیات سے ہم آہنگ پاور ٹرانسمیشن سسٹم نصب کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان میں پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک میں یہ اپنی طرز کی پہلی سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے میں شامل استعداد کار بڑھانے کا عنصر حکومت کو انرجی سٹوریج سسٹم کی تیاری میں معاونت فراہم کرے گا جس کے تحت طویل المدتی انرجی سیکورٹی کے لئے مقامی قابل تجدید توانائی کے وسائل بروئے کار لائے جا سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں