ایس ای سی پی نے نیشنل کلیئرنگ کمپنی اور سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی کے ٹیرف سٹرکچر پر نظرثانی کرتے ہوئے ریگولیٹری فیسوں میں خاطر خواہ کمی کی منظوری دیدی

پیر 23 ستمبر 2019 18:50

ایس ای سی پی نے نیشنل کلیئرنگ کمپنی اور سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی کے ٹیرف سٹرکچر پر نظرثانی کرتے ہوئے ریگولیٹری فیسوں میں خاطر خواہ کمی کی منظوری دیدی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2019ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کیپٹل مارکیٹ کے فروغ اور مارکیٹ کو وسعت دینے کے پیش نظر نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (این سی سی پی ایل) اور سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (سی ڈی سی) کے ٹیرف سٹرکچر پر نظرثانی کرتے ہوئے ریگولیٹری فیسوں میں خاطر خواہ کمی کی منظوری دیدی ہے۔

پیر کو یہاں جاری بیان کے مطابق ایس ای سی پی کی جانب سے دونوں اداروں کی فیسوں میں کمی سے ایکویٹی اور ڈیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے اخراجات میں کمی آئے گی اور سرمایہ کار اس جانب سرمایہ کاری کیلئے راغب ہوں گے۔ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سرمایہ کاروں کو سہولت اور کاروباری آسانیاں فراہم کرنے اور کاروبار اور سرمایہ کاری کی لاگت میں کمی کیلئے مسلسل اقدامات کر رہا ہے تاکہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ پر سرما یہ کاروں کا اعتماد بڑھے۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی نے سینٹرل ڈیپازٹری (سی ڈی سی) اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی (این سی سی پی ایل) کو ہدایت کی تھی کہ دو نوں کمپنیاں اپنی فیسوں (ٹیرف سٹرکچرز ) پر نظر ثانی کرتے ہوئے ان میں کمی کریں جس کے بعد ایس ای سی پی کی ہدایات کی روشنی میں دونوں کمپنیوں کے بورڈ کے ڈائریکٹرز نے اپنی فیسوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے فیسوں اور مختلف چارجز میں کمی کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں۔

فیسوں میں کمی سے شیئر ہولڈرز کو فائدہ پہنچے گا اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی کے نظر ثانی شدہ ٹیرف سٹرکچر کے مطابق سی ڈی سی کے ساتھ انویسٹر اکاؤنٹس برقرار رکھنے والے سب اکاؤنٹ ہولڈرز کی ذیلی اکاؤنٹ کی فیس کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ سی ڈی سی کے ذیلی اکاؤنٹ کی فیس میں کمی سے سرمایہ کاروں کے سی ڈی سی کے ساتھ ذیلی اکاؤنٹ کھولنے کی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ اپنی سرمایہ کاری کو محفوظ تحویل میں رکھیں گے۔

علاوہ ازیں کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کے فروغ کے پیش نظر قابل واپسی (ریڈیم ایبل) سیکورٹیز کی سالانہ فیس میں 70 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ مزید ایس ای سی پی سینٹرل ڈپازٹری کی تحویل (کسٹڈی) کی فیس میں سال 2020ء کیلئی14 فیصد اور 2021ء کیلئے کسٹڈی فیس میں 16 فیصد تک کمی کی منظوری بھی دی ہے۔مزید برآں ایس ای سی پی نے سی ڈی سی کو پیشکش کنندگان کیلئے نئے اجراء کی فیس کی زیادہ سے زیادہ حد کو 50 ملین روپے سے کم کرکی35 ملین روپے کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔

ایس ای سی پی نے نیشنل کلئیرنگ کمپنی کی جانب سے اجتماعی سرمایہ کاری کی سکیموں (سی آئی ایس) کے لئے وصول کی جانے والی فیس میں بھی کمی کر دی ہے۔ اس کمی سے میوچل فنڈ کے اخراجات کے تناسب میں نمایاں کمی واقع ہو گی اور میوچل فنڈز یونٹ ہولڈرز کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ علاوہ ازیں این سی سی پی ایل نے اپنے صارفین کے شناخت کے نمبر یو آئی این کی فیس میں 50 فیصد کمی کر دی ہے۔ اس کے علاوہ اجتماعی سرمایہ کاری کی سکیموں کے لئے ماہانہ انسٹی ٹیوشنل ڈیلیوری سسٹم (آئی ڈی ایس)کی فکسڈ فیس اور آئی ڈی ایس ٹرانزیکشن، دونوں فیسوں میں 20 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ لیوریج مارکیٹ میں حجم کو بہتر بنانے کیلئے فنانسر پر لاگو مارجن فنانسنگ ٹرانزیکشن فیس کو بھی مکمل طو رپر ختم کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں