ضمنی انتخابات میں آزمائشی بنیادوں پر بائیومیٹرک مشینوں کی تنصیب کا امکان

مشینوں کی خریداری عمل میں لائی جاچکی

جمعرات 22 جون 2017 14:19

ضمنی انتخابات میں آزمائشی بنیادوں پر بائیومیٹرک مشینوں کی تنصیب کا امکان
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے آنیوالے ضمنی انتخابات میں آزمائشی بنیادوں پر بائیومیٹرک مشینوں کی تنصیب کا امکان ہے۔الیکشن کمیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اس ضمن میں مشینوں کی خریداری عمل میں لائی جاچکی ہے جنہیں ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے موقع پر آزمائشی بنیادوں پر نصب کیا جائیگا،ملکی انتخابی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہورہاہے۔

انہوں نے کہاکہ انتخابی فہرستوں کا مکمل ڈیٹا ان مشینوں میں فیڈ کیا جائیگا جس سے انتخابی عمل کے دوران نام اور دیگرکوائف کی تصدیق جدید طریقہ کار کے مطابق ہوسکے گی جس سے انتخابی طریقہ کار میں شفافیت آئیگی۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن مٰں کمیشن کو نادرا سے انگوٹھوں کے نشان کا انتظار ہے جس کیلئے کمیشن نے پہلے سے ہی نادرا کو درخواست بھیج دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ضمنی انتخابات میں بائیومیٹرک مشینوں کے استعمال کے پائلٹ پراجیکٹ سے متعلق رپورٹ پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کو بھیجی جائیگی۔الیکشن کمیشن کو پرائیوٹ فرم میسرزسیکیورٹیک پرائیوٹ کی جانب سے ایسی 100مشینوں کی کھیپ ملی ہے، یہ مشینیں تیکنیکی اعتبار سے زیادہ قابل بھروسہ اورپائیدار ہیں اوریہ کمیشن کی ضروریات پر پورا اترتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں