وزارت منصوبہ بندی کے زیراہتمام اقتصادی راہداری کی ساتویں مشترکہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں شروع ہو گیا

پیر 20 نومبر 2017 13:55

وزارت منصوبہ بندی کے زیراہتمام اقتصادی راہداری کی ساتویں مشترکہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں شروع ہو گیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء) وزارت منصوبہ بندی کے زیر اہتمام اقتصادی راہداری کی ساتویں مشترکہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو اسلام آباد میں شروع ہوگیا۔ اجلاس کی صدارت سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی شعیب صدیقی اور ان کے چینی ہم منصب کر رہے ہیں، مشترکہ کمیٹی کے پہلے دن دونوں ممالک کے اعلیٰ سرکاری و حکومتی عہدیداران اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی شعیب صدیقی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دہائیوں پر محیط دوستانہ تعلقات پر دونوں ممالک کو فخر ہے، اقتصادی راہداری کی بدولت دونوں ممالک کے درمیان پراعتماد رشتے مزید مستحکم ہوئے ہیں، اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے عوام کی تقدیر بدلنے کے متعدد مواقع لے کر آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل کیلئے چینی عوام اور چین کی اعلیٰ قیادت کے عزم کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اور حکومت اقتصادی راہداری کی کامیاب اور پرامن تکمیل کیلئے پرعزم ہیں۔ سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی نے کہا کہ چین کی جانب سے کڑے وقت میں پاکستان میں خطیر سرمایہ کاری سے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو حوصلہ دیا ہے، توانائی، انفراسٹرکچر اور گوادر کے منصوبوں پر نہایت مثبت پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان اور چین تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔

شعیب صدیقی نے کہا کہ گوادر اقتصادی راہداری کا سب سے اہم جزو اور خطے کی خوشحالی کا ضامن ہے، اقتصادی راہداری صنعتی تعاون کے اہم مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ پاکستان اور چین کے ماہرین پر مبنی ورکنگ گروپس توانائی، انفراسٹرکچر، گوادر، صنعتی تعاون اور طویل المدتی منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ ورکنگ گروپس نے نہایت محنت اور جانفشانی کے ساتھ متعلقہ شعبوں میں دوطرفہ پیشرفت کے لئے سفارشات مرتب کی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں