دنیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کو مدنظر رکھنا چاہئے،

موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو مثبت سمت میں گامزن کرنے کیلئے مختلف پروگرام ترتیب دیئے ہیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی امریکہ کی کارنیل یونیورسٹی کے طلباء کے وفد سے گفتگو

منگل 3 اپریل 2018 22:11

دنیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کو مدنظر رکھنا چاہئے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دنیا کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو وزیراعظم آفس میں امریکہ کی کارنیل یونیورسٹی کے طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہزاروں عام شہروں اور سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو مثبت سمت میں گامزن کرنے کیلئے مختلف پروگرام ترتیب دیئے ہیں۔

وزیراعظم کے خصوصی معاون علی جہانگیر صدیقی، پارلیمانی سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم اور ممبر قومی اسمبلی شزا فاطمہ خواجہ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

(جاری ہے)

بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے منصوبوں کے حوالہ سے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت صنعتی اور تجارتی شعبوں کو ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے انتھک کوششیں کر رہی ہے اور ملک کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کیلئے نئے بجلی گھروں کے قیام کے ساتھ ساتھ منسلکہ بنیادی ڈھانچہ بھی تعمیر کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے طلباء سے کہا کہ وہ پاکستان کے مختلف شہروں میں جا کر عظیم ثقافت اور ترقی کی شرح کا مشاہدہ کریں جو پچھلے کچھ سالوں میں حاصل ہوئی ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی نے طلباء کو حکومتی امور اور پاکستان کے بیرونی تعلقات کے حوالہ سے آگاہ کیا۔ طلباء کا یہ دورہ وزیراعظم کے نوجوانوں کے رابطہ کے پروگرام کا حصہ ہے جس سے طلباء کو وزیراعظم آفس کے دورہ اور وزیراعظم کے ساتھ بات چیت کا موقع میسر آتا ہے اور انہیں حکومت کے کام کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں