وزیرا عظم عمران خان کی تقریب حلف برداری ،قریبی عون چودھری غائب

عمران خان عون چودھری سے نالاں ، وزیر اعظم ہاؤس سے دور رہنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ تقریب حلف برداری میں شیخ رشید بھی کہیں نظر نہیں آئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 12:55

وزیرا عظم عمران خان کی تقریب حلف برداری ،قریبی عون چودھری غائب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : وزیراعظم عمران خان نے آج صبح ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا۔ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،پارلیمانی رہنما، ملکی و غیر ملکی مہمان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سمیت عمران خان کے قریبی دوست ایوان صدر میں موجود تھے۔ تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹ نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک تھے۔

نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ان کی تیسری اہلیہ اور پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔
عمران خان کی تقریب حلف برداری میں جہاں ان کے قریبی ساتھی اور سابق کرکٹرز نظر آئے وہیں عمران خان کے قریبی ساتھی عون چودھری کہیں نظر نہیں آئے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پارٹی معاملات پر عون چودھری سے نالاں ہیں ۔

عمران خان نے عون چودھری کو پارٹی معاملات سے علیحدہ ہونے اور فی الحال وزیر اعظم ہاؤس سے بھی دور رہنے کی ہدیات کی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عون چودھری اور زلفی بخاری کو عمران خان کے سب سے زیادہ قریبی ساتھی تصور کیا جاتا ہے ۔ عون چودھری اور زلفی بخاری عمران خان کی ہر نجی تقریب میں بھی ان کے ہمراہ ہوتے ہیں ،عون چودھری اور زلفی بخاری کو عمران خان کی تیسری شادی کے موقع پر بھی تصاویر میں دیکھا گیا جبکہ اس تقریب میں عمران خان کے رشتہ دار یا کوئی پارٹی رہنما شریک نہیں تھا۔

لیکن آج تقریب حلف برداری میں عون چودھری کہیں دکھائے نہیں دیئے جس کی مبینہ وجہ بھی سامنے آ گئی ہے۔ دوسری جانب تقریب حلف برداری میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی کہیں نظر نہیں آئے۔ جلسوں میں عمران خان کے ساتھ ساتھ رہنے والے شیخ رشید گذشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی دور دور رہے اور عمران خان کے آس پاس نظر نہیں آئے۔ شیخ رشید کی تقریب حلف برداری میں عدم شرکت پر چہ مگوئیاں ہو رہی ہے کہ عین ممکن ہے کہ شیخ رشید کو ان کی مرضی کی وزارت نہیں ملی جس کی وجہ سے وہ وزیراعظم عمران خان سے نالاں ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں