بابر اعوان کا اپنے تمام صوابدیدی اختیارات ختم کرنے کا اعلان

کفایت شعاری ہماری حکومت کا مرکزی شعار ہو گا ،ْ میڈیا سے بات چیت

پیر 20 اگست 2018 17:07

بابر اعوان کا اپنے تمام صوابدیدی اختیارات ختم کرنے کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے اپنے تمام صوابدیدی اختیارات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کفایت شعاری ہماری حکومت کا مرکزی شعار ہو گا۔پیر کو وزارت پارلیمانی امور پہنچنے پر سیکرٹری پارلیمانی امور طاہر رضا نقوی اور وزارت کے دیگر افسران اور عملے نے وزیراعظم کے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کا خیر مقدم کیا۔

سیکرٹری پارلیمانی امور نے مشیر پارلیمانی امور کو وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزارت پارلیمانی امور کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد وزارت کے عملے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ نے ایک مرتبہ پھر سات سال بعد عوام کی خدمت کا موقع دیا ہے، اب ایک بدلا ہوا دور ہے ،ْمجھے توقع ہے کہ میرے ساتھ جو ٹیم ہو گی وہ اس دور کے تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہتر ہے کہ ہم خود کو بدل لیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزارت پارلیمانی امور میں میرے جو صوابدیدی اختیارات ہیں وہ میں ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری کے حوالے سے ہم انتہائی سنجیدہ ہیں، ڈاکٹر عشرت حسین کی سربراہی میں اس حوالے سے ٹاسک فورس قائم کی گئی ہے۔ اللہ سے دعا کریں کہ اللہ ہمارے نیک جذبوں اور مقاصد میں کامیابی عطا کرے۔ انہوں نے وزارت کے عملے کو ہدایت کی کہ کفایت شعاری کو اپنا شعار بنائیں اور بجلی کی بچت کے لئے ایئر کنڈیشن چلانے کے اوقات کار طے کئے جائیں، یہی بات چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی کی ہے ،ْہم چاہتے ہیں کہ یہاں سے بجلی کی جو بچت ہم کر سکیں وہ عوام کے کام آئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں