بحیثیت وزیراعظم عمران خان کا پہلا نوٹس

وزیراعظم عمران خان نے کینسر کے مرض میں مبتلا بچی کے علاج کی ہدایت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 21 اگست 2018 15:25

بحیثیت وزیراعظم عمران خان کا پہلا نوٹس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اگست 2018ء) : بحیثیت وزیراعظم عمران خان نے پہلا نوٹس لے لیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ عمران خان نے بحیثیت وزیراعظم پہلا نوٹس لے لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے کینسر کے مرض میں مبتلا بچی کے علاج کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ٹیبل ٹینس کی قومی کھلاڑی مہک کینسر کے مرض میں مبتلا ہے۔ مہک نے کئی ٹورنامنٹس جیتے۔ مہک کا تعلق ایک نہایت غریب گھرانے سے ہے۔ بچی کے والد سرکاری اسکول میں نائب قاصد ہیں۔ مہک کے والد نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی تھی کہ وہ مہک کے علاج میں تعاون کریں۔ ویڈیو پیغام میں مہک کے والد نے بتایا تھا کہ میری بچی مہک کراچی کے آغا خان اسپتال میں زیر علاج ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری وزیراعظم عمران خان سے اپیل ہے کہ وہ کھلاڑی ہونے کی حیثیت سے مہک انور کے علاج میں ہمارے ساتھ تعاون کریں اور مہک کی جان بچانے میں ہماری مدد کریں۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور میڈیا چینلز پر نشر ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان تک پہنچی جس کے بعد عمران خان نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر مہک انور کے علاج کی ہدایت کر دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا بچی کے علاج کے انتظامات کئے جائیں۔
وزیر اعظم عمران خان کے نوٹس لینے اور کینسر کے مرض میں مبتلا بچی کے علاج کی ہدایات پر انہیں خوب سراہا جا رہا ہے۔ ٹویٹر صارفین نے بھی وزیر اعظم عمران خان کے اس فوری اقدام کی تعریف کی اور کہاکہ پوری قوم کو وزیراعظم عمران خان سے یہی اُمید ہے کہ وہ فوری طور پر عوام کی مدد کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں