الیکشن کمیشن نے این اے 249 میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر کامیاب امیدوار فیصل واوڈا اورریٹرننگ افسر کو نوٹسز جاری کر دیئے

منگل 18 ستمبر 2018 20:16

الیکشن کمیشن نے این اے 249 میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر کامیاب امیدوار فیصل واوڈا اورریٹرننگ افسر کو نوٹسز جاری کر دیئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2018ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر کامیاب امیدوار فیصل واوڈا اورریٹرننگ افسر کو نوٹسز جاری کر دیئے ۔منگل کو الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی این اے 249کراچی غربی میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی ، شہباز شریف کے وکیل شرافت علی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ، وکیل نے کہا کہ دوبارہ گنتی سے متعلق پریزائڈنگ ، ریٹرننگ افسر اور الیکشن کمیشن میں درخواستیں دیں،تینوں فورم پر دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد کی گئیں،پی ٹی آئی کے جیتے گئے امیدوار فیصل واوڈا کے ساتھ جیت کی گنتی کا فرق 723ہے،حلقے میں مسترد ووٹ 2600 ہیں پھر بھی دوبارہ گنتی نہ کی گئی، ممبر الیکشن کمیشن الطاف ابراہیم نے کہا کہ وقت کم ہے تو اپ اس معاملے کو ٹریبونل میں کیوں نہیں لے جاتے ۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن قانون کے مطابق اس پر فیصلہ کر سکتا ہے، فارم 45 درست طریقے سے فل نہیں کئے گئے ،فارم 45 پر جگہ جگہ کاٹ کر دوبارہ لکھا گیا ،ْیہ سب چیزیں ریکارڈ کا حصہ ہیں،الیکشن کمیشن نے شہباز شریف کی این اے 249کراچی میں گنتی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے این اے 249 سے جیتنے والے امیدوار پی ٹی آئی کے فیصل واوڈاکو نوٹس جاری کر دیا جبکہ این ای249 کے ریٹرننگ افسر کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا ، کیس کی سماعت 26 ستمبر کو ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں