العزیزیہ ریفرنس ،ْنواز شریف کو حاضری سے 3 دن کا استثنیٰ

جیل سے رہائی کے بعد نواز شریف کو ایڈجسٹ کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا ،ْدرخواست میں موقف قانون غیر معمولی حالات میں حاضری سے استثنیٰ دیتا ہے ،ْ نیب پراسیکیوٹر

پیر 24 ستمبر 2018 13:42

العزیزیہ ریفرنس ،ْنواز شریف کو حاضری سے 3 دن کا استثنیٰ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 3 دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیدیا ۔ پیر کو احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی ۔سماعت کے آغاز پر خواجہ حارث نے نواز شریف کی حاضری سے 5 روز استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ جیل سے رہائی کے بعد نواز شریف کو ایڈجسٹ کرنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔

(جاری ہے)

خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کے باعث بھی دکھ اور کرب میں مبتلا ہیں لہذا انہیں 5 روز حاضری سے استثنیٰ دیا جائے تاکہ وہ غم کی کیفیت سے باہر آسکیں۔نواز شریف کے وکیل نے کہا کہ ٹرائل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی ،ْہم یہاں موجود ہیں۔اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ قانون غیر معمولی حالات میں حاضری سے استثنیٰ دیتا ہے۔جس پر جج احتساب عدالت نے کہا کہ نواز شریف کو ابھی 3 دن کا استثنیٰ دے دیتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں