پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور اس کیلئے ہمہ وقت تیارہیں،

پاک فضائیہ نے بہادری کی شاندار مثالوں سے تاریخ رقم کی ہے، ہم باہمی عزت و احترام کی بنیاد پر اقوام عالم کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں، ہم وہ قوم ہیں جس نے امن کی خاطر جان و مال کی عظیم قربانیاں دیں، ہم دنیا میں امن کے قیام کیلئے پرخلوص ہیں اور کبھی کسی ملک کو ہمارے اس جذبہ کی غلط ترجمانی کی اجازت نہیں دیں گے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان رسالپور میں پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب

جمعرات 18 اکتوبر 2018 19:21

پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور اس کیلئے ہمہ وقت تیارہیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور اس کیلئے ہمہ وقت تیارہیں، پاک فضائیہ نے بہادری کی شاندار مثالوں سے تاریخ رقم کی ہے اور یہ جنگ ہو یا امن کسی بھی مشکل کے سامنے سینہ سپر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان رسالپور میں جمعرات کو پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں 140 جنرل ڈیوٹی پائلٹ، 86 انجینئرنگ،96 ایئر ڈیفنس،21 ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز اور 5 لاجسٹکس کورسز کی گریجویشن ہوئی۔

پی اے ایف کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود کے قابلِ فخر محافظ ہونے کی حیثیت سے پیشہ وارانہ صلاحیتیوں کو استعمال کرتے ہوئے انہوں نے غیر متزلزل جذبہ کے ساتھ پاکستان ایئر فورس کو بانی پاکستان کے تصور کے مطابق ایک بہترین فضائیہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے اور مستقل مزاجی اور انتھک محنت سے ہی وہ پاکستانی قوم کے اعتماد پر پورا اتر سکیں گے۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ ہم باہمی عزت و احترام کی بنیاد پر اقوام عالم کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں، ہم وہ قوم ہیں جس نے امن کی خاطر جان و مال کی عظیم قربانیاں دیں، ہم دنیا میں امن کے قیام کیلئے پرخلوص ہیں اور کبھی کسی ملک کو ہمارے اس جذبہ کی غلط ترجمانی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور اس کیلئے ہمہ وقت تیارہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کا درخشاں ماضی اس امر کی گواہی دیتا ہے کہ ان بہادر سپوتوں نے اپنی مادرِ وطن کی حفاظت کیلئے جان کی بازی لگانے سے دریغ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بہادری کی شاندار مثالوں سے تاریخ رقم کی ہے اور یہ جنگ ہو یا امن کسی بھی مشکل کے سامنے سینہ سپر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اندرونی اور بیرونی مشکلات کا شکار ہے اور ہمیں قوی یقین ہے کہ مربوط قومی لائحہ عمل سے ہم ان مشکلات پر قابو پا لیں گے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بحیثیت قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا کردار اہم رہا ہے جس کی بدولت علاقا ئی اور بین الاقوامی امن کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے بہادر قوم کے شانہ بشانہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور ملک میں امن و امان بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ صدر نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ملکی دفاع کا ایک اہم حصہ ہوتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو کامیابی سے تباہ کرکے ان کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جس سے ہمارا دشمن انتہائی کمزور ہو گیا ہے۔

تقریب میں کل 107 ایوی ایشن کیڈٹس گریجویٹ ہوئے۔ صدر مملکت نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس کو برانچ کا نشان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ انہوں نے نمبر 4 سکواڈرن کو اکیڈمی کی چیمپیئن سکواڈرن ہونے پر قائداعظم بینر سے نوازا۔ کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ایئر سٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ فرحان خالد اعوان نے حاصل کی جبکہ ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر طلحہ حسیب نے کالج آف فلائینگ ٹریننگ میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیر حاصل کی۔

جنر ل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کی چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ اکیڈمی انڈر آفیسر شہریار احمد ملک نے حاصل کی۔ کالج آف ایئرو ناٹیکل انجینئرنگ میں بہترین کارکردگی کی چیف آف دی ایئر سٹاف ٹرافی اور مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ ونگ انڈر آفیسر عبدالر حمان نے حاصل کی۔

96 ایئر ڈیفنس کورس اور 21ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز کورس میں بالترتیب ایوی ایشن کیڈٹ بابر عبداللہ اور ایوی ایشن کیڈٹ صہیب احسن نے بہترین کارکردگی کی ٹرافی حاصل کی جبکہ 5ویں لاجسٹک کورس میں مجموعی طو ر پر بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ ذیشان اشرف نے حاصل کی۔ پریڈ کے اختتام پر پی اے ایف اکیڈمی کی’’شیر دل فارمیشن‘‘ اور ’’بریو ہارٹس‘‘ نے مسحور کن مظاہرہ پیش کیا۔ اس تقریب میں سفارتکاروں، اعلیٰ فوجی اور سول حکام، غیر ملکی عہدیداران اور گریجو یٹ ہو نے والے کیڈٹس کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔ قبل ازیں مہمانِ خصوصی کی اکیڈمی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ان کا خیرمقد م کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں