نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کی احتساب عدالت میں ملاقات ،

خوشگوار ماحول میں ایکدوسرے کا حال احوال پوچھا چار وزیراعظم تو عدالتوں میں پیش ہو چکے اب پانچواں بھی آئے گا‘ یوسف رضا گیلانی کی بات پر نواز شریف مسکراہتے رہے وزیراعظم کو نہیں کہنا چاہیے میں فلاں کو پکڑوں گا، احتساب ہونا چاہیے مگر احتساب کا ادارہ آزاد ہونا چاہیے ‘ یوسف رضا گیلانی

پیر 22 اکتوبر 2018 14:27

نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کی احتساب عدالت میں ملاقات ،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2018ء) سابق وزرائے اعظم محمد نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کی احتساب عدالت میں ملاقات ہوگئی۔سابق وزرائے اعظم نے خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے کا حال احوال پوچھا۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چار وزیراعظم تو عدالتوں میں پیش ہو چکے اب پانچواں بھی آئے گا۔ یوسف رضا گیلانی کی بات پر نواز شریف مسکراتے رہے۔

(جاری ہے)

گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ابھی اور بھی وزیراعظم پیش ہوں گے، ہم کئی سال سے احتساب عدالت آ رہے ہیں، نیب کا ادارہ با اختیار اور آزاد ہونا چاہیے ۔وزیراعظم کو نہیں کہنا چاہیے کہ میں فلاں کو پکڑوں گا، احتساب ہونا چاہیے مگر احتساب کا ادارہ آزاد ہونا چاہیے ۔انہوںنے کہا کہ 10 سال میں نے جیل مینول کے مطابق جیل کاٹی، فیصلے میرے حق میں ہوئے تو میرے 10 سالوں کا جواب کون دے گا، مجھے باعزت بری کیا گیا تو میں وزیراعظم بن گیا۔یوسف رضا گیلانی اشتہاری مہم کے لیے غیر قانونی ٹھیکے دینے کے مقدمے میں جبکہ نواز شریف فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں