وزیر اعظم کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم کا شعبہ میں بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے،عامر محمود کیانی

موجودہ حکومت بچوں کو صحتمند مستقبل فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے، سول سوسائٹی، میڈیا اور والدین حکومت کیساتھ تعاون کریں ،بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے ضرور لگوائیں ،وفاقی وزیر صحت

منگل 23 اکتوبر 2018 18:05

وزیر اعظم کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم کا شعبہ میں بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے،عامر محمود کیانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم کا شعبہ میں بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے،موجودہ حکومت بچوں کو صحتمند مستقبل فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے، سول سوسائٹی، میڈیا اور والدین حکومت کے ساتھ تعاون کریں ،بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے ضرور لگوائیں تاکہ ہم اپنے بچوں کو صحت مند مستقبل دے سکیں۔

منگل کو وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نی15سے 27 اکتوبر خسرہ کے خلاف جاری مہم کا جائزہ لینے کیلئے ترلائی دیہی مراکز صحت کا دورہ کیا اور قومی انسداد خسرہ مہم کا معائنہ کیا۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر خسرہ مہم کی اہمیت پر زور دیا اور مہم کو کامیاب بنانے کے اقدامات کا جائزہ بھی لیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت خسرہ مہم میں 9ماہ سے 59 ماہ کے یعنی 5سال تک کی عمر کے 3 کروڑ 20 لاکھ بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کے بچوں کو صحت مند مستقبل فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے، ہمارے بچے ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل کے حقدار ہیں اور یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ تندرست اور محفوظ پاکستان بنانے کیلئے اقدامات کریں۔ وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ سول سوسائٹی، میڈیا اور والدین حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور والدین اپنے بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے ضرور لگوائیں تاکہ ہم اپنے بچوں کو صحت مند مستقبل دے سکیں۔

انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم کا شعبہ میں بہتری لانا ہماری اولین ترجیح ہے، صحت کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہے ہیں۔حکومت خسرہ کے بچائو کی ویکسین مفت فراہم کر رہی ہے اور خسرہ مہم کی کامیابی کیلئے صوبوں سے بھر پور تعاون کریں گے۔ وزیر صحت نے خسرہ مہم کے کامیاب انعقاد اور تعاون پر یونیسف عالمی ادارہ صحت اور گاوًی کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں