پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی افواج میں ہوتا ہے ،

ہماری فضائیہ نے ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمیشہ قابل تحسین کردار ادا کیا ہے، راشد منہاس شہید اور ایم ایم عالم جیسے جری سپوتوں پر قوم کو ناز ہے،پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت سے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کے دوران اظہار خیال

منگل 20 نومبر 2018 21:32

پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی افواج میں ہوتا ہے ،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی افواج میں ہوتا ہے اور ہماری فضائیہ نے ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمیشہ قابل تحسین کردار ادا کیا ہے، راشد منہاس شہید اور ایم ایم عالم جیسے جری سپوتوں پر قوم کو ناز ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان سے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں کیا۔

ملاقات میں ملکی دفاع میں پاک فضائیہ کے کردار، پیشہ وارانہ مہارت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے کہا کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت سے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہے اور دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں پاک فوج اور قوم نے مل کر ملک دشمنوں کو شکست دی ہے اور اس جنگ میں پاک فضائیہ نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخرہے اور ہماری ایئر فورس دشمن کے ہر حربے سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرحدیںمحفوظ ہیں اور ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کسی کے خلا ف جارحانہ عزائم نہیں ر کھتا تاہم ملکی دفاع و سلامتی کی خاطر دفاعی صلاحیت کا ہونا اس کا بنیادی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت جن چلینجوں کا سامنا ہے ان کے خاتمہ اور ملکی تعمیر و ترقی کیلئے سب اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ سپیکر نے پاکستان ایئر فورس کی دفاعی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ اس کی سماجی سر گرمیوں کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر انہوں نے صوابی میںپاک۔فضائیہ کے تعاون سے ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام سے علاقے کے نوجوانوں کو ٹیکنیکل شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع مہیا ہوں گے اور وہ ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرکے ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیںگے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی وجہ سے ہنرمند نوجوانوں کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے جس کو پورا کرنے کے لئے ٹیکنکل تعلیم کے اداروں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غازی بروتھا جھیل ایک خوبصورت تفریحی مقام ہے۔ اس جھیل میں واٹر سپورٹس کے اجراء سے اس کو مزید پرکشش بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ایئر چیف کو غازی بروتھا جھیل کی واٹر سپورٹس کے اجراء کے لئے کردار ادا کرنے کے لئے کہا۔

ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کے لئے تعریفی کلمات پر سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ ملک کی فضائی حدود کے خلا ف کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلا حیت رکھتی ہے۔ انہوں نے سپیکر کو بتایا کہ پاکستان فضائیہ نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے پاک۔فضائیہ کے کردار میںمزید جدت لانے کے لئے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کے لئے ہمارے جوانوں نے ملکی دفاع کی خاطر ناقابل فراموش قربانیاں پیش کی ہیں۔ ایئر چیف مارشل نے کہا کہ ایئر فورس کے پاس ٹیکنیکل تعلیم اور واٹرسپورٹس کے شعبوں میں ماہرین موجودہیں ۔انہوں نے سپیکر کو یقین دلایا کہ وہ خود علاقے کا دورہ کر کے صوابی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام اور غازی بروتھ جھیل میں واٹر سپورٹس کا جائزہ لیںگے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں