موجودہ معاشی بحران کی ذمہ دار سابق لیگی حکومت ہے

اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز نے موجودہ حکومت سے اُمیدیں باندھ لیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 18 جنوری 2019 11:25

موجودہ معاشی بحران کی ذمہ دار سابق لیگی حکومت ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جنوری 2019ء) : ملک کے چھوٹے تاجروں نے معاشی بحران کا ذمہ دار سابق ن لیگی حکومت کو قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد چیمبرز آف سمال ٹریڈرز (آئی سی ایس ٹی) کا کہنا ہےکہ ملک میں موجودہ معاشی بحران کی ذمہ دار ن لیگ کی حکومت ہے۔ انہوں نے نئی حکومت نے اچھی توقع رکھتے ہوئے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت کو پھر سے کھڑا کر دے گی۔

اسلام آباد چیمبرز آف سمال ٹریڈرز (آئی سی ایس ٹی) کے مطابق سابق لیگی دور ملکی قرضوں میں اضافے، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی شرح، مقامی کرنسی کی قدر میں کمی غیر ملکی ذخائر میں کمی اور معاشی بے یقینی کی ذمہ دار ہے۔اسلام آباد چیمبرز آف سمال ٹریڈرز (آئی سی ایس ٹی) کے ایک نمائندہ شاہد رشید بٹ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے اور حالات میں بہتری لانے کے لیے کچھ فیصلے ہنگامی بنیادوں پر کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام بزنس کمیونٹی پی ٹی آئی کی حکومت پر اعتماد کیے ہوئے ہے کہ موجودہ حکومت ہی ملک کو ان معاشی مسائل سے نکال اور دائمی توانائی کی قلت کو پورا کر کے ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ٹیکس ریونیو میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جلد ہی پارلیمنٹ میں منی بجٹ پیش کرنے والی ہے لہٰذا حکومت کو چاہئیے کہ اپنے اس منی بجٹ میں ملک کے امیر طبقے پر بھی بوجھ ڈالا جائے۔

حکومت کو ریونیو میں اضافے کے لیے غیر مستقیم راستوں کا انتخاب نہیں کرنا چاہئیے۔ کیونکہ گذشتہ حکومت نے بھی ایسا ہی کیا تھا جس سے ملک میں غربت کی شرح میں اضافہ ہوا۔ حکومت کو چاہئیے کہ ملک کے تنخواہ دار اور مڈل کلاس افراد کی بجائے امیر طبقوں کے ٹیکس نادہندگان کو پکڑے جو کسی نہ کسی طرح سے ٹیکس سے بچ نکلتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں