فرانسیسی حکومت پشاور بس ریپڈ ٹرانزسٹ کوریڈور منصوبے کے لیے 19اعشاریہ 5ارب روپے کا قرضہ دے گی

پشاور بی آر ٹی منصوبے سے عوام کو بہترین سفری سہولتیں اور ماحول صاف رکھنے میں مدد ملے گی. فرانسیسی سفارتخانہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 23 جنوری 2019 11:56

فرانسیسی حکومت پشاور بس ریپڈ ٹرانزسٹ کوریڈور منصوبے کے لیے 19اعشاریہ 5ارب روپے کا قرضہ دے گی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 جنوری۔2019ء) فرانسیسی حکومت پشاور بس ریپڈ ٹرانزسٹ کوریڈور منصوبے کے لیے 19اعشاریہ 5ارب روپے کا قرضہ دے گی. فرانسیسی سفارتخانے کے مطابق پشاور بی آر ٹی منصوبے سے عوام کو بہترین سفری سہولتیں اور ماحول صاف رکھنے میں مدد ملے گی. فرانس کی جانب سے پشاور بی آر ٹی کیلے 19 اعشاریہ 5 ارب روپے کا یہ قرضہ آسان شرائط پر دیا جا رہا ہے.

دوسری جانب وزیر بلدیات خیبرپختون خوا شہرام ترکئی نے کہا ہے کہ پشاور کے بی آر ٹی منصوبے کی لاگت بڑھنے کی تمام خبریں صرف افواہیں ہیں.

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہ کہ بی آر ٹی منصوبے کی لاگت 66 ارب روپے ہی ہے، یہ لاگت ایکنک سے منظور شدہ ہے، حال ہی میں ملنے والے تقریباً 20 ارب روپے فرانس نے دیے ہیں. اس سلسلے میں اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری نور احمد، فرانس کے سفیر مارک بیرٹی اور فرانس ڈیولپمنٹ ایجنسی (اے ایف ڈی) کے کنٹری ڈائریکٹر جے کی ایم پریو نے قرض کی سہولت کے معاہدے پر دستخط کیے.

واضح رہے کہ قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے گزشتہ سال نومبر میں منصوبے کے نظرثانی شدہ پی سی 1 کی منظوری دی تھی جبکہ وفاقی حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں اے ایف ڈی کے ساتھ معاہدے کے لیے منظوری دی. اس منصوبے میں اے ایف ڈی اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک اس منصوبے کے مشترکہ طور پر فنانس کر رہے ہیں. منصوبے کا نظرثانی شدہ تخمینہ 66 ارب 43 کروڑ 70 لاکھ روپے ہے، جس میں اے بی ڈی اور اے ایف ڈی کی جانب سے اشتراک کردہ 53 ارب 32 کروڑ روپے کی غیر ملکی رقم بھی شامل ہے.

خیال رہے کہ شہر کے ٹرانسپورٹ کے مسائل کو حل کرنے کے لیے یہ منصوبہ حکومتی حکمت عملی میں مددگار ہوگا. یہ منصوبہ محفوظ، موثر، آرام دہ اور پرسکون ماس ٹرانزٹ نظام فراہم کرے گا جو موجودہ ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے ساتھ باآسانی ضم ہوجائے گا، اس کے علاوہ گرین ہاﺅس گیس کے اخراج میں کمی کے ذریعے توانائی کی کارکردگی اور ہوا کے معیارت کو بہتر بنانے میں بھی مدد دے گا.

دوسری جانب اسلام آباد میں فرانسیسی سفارتخانے کے مطابق اب تک اے ایف ڈی 88 کروڑ یورو کی مالی مدد کرچکا ہے جبکہ پشاور منصوبہ شہری ترقی کے شعبے میں تعاون کی نئی راہیں کھولے گا. اے ایف ڈی کے ذریعے فرانس پاکستان میں کم کاربن کے ڈھانچے کی ترقی کے لیے تکنیکی اور مالی مدد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے. اے ایف ڈی ایک بڑا عوامی مالیاتی ادارہ اور فرانس ڈیویلپمنٹ پالیسی میں اہم کردار ہے، جو فرانس کے بیرون ملک علاقوں اور ترقی پذیر ممالک میں ان منصوبوں کا وعدہ کرتا ہے جو حقیقی طور پر لوگوں کی روز مرہ زندگی کو بہتر بناتے ہیں. اس کے علاوہ یہ غریب آبادیوں کے فائدے کے لیے پالیسیز اور سرمایہ کاری کے ذریعے مدد کرکے 75 برس سے زائد عرصے سے دنیا میں غربت کے خلاف لڑ رہا ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں