یوم پاکستان، پاکستان کے برادر ملک ترکی کے طیاروں کا فضائی کرتب کا مظاہرہ

یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر کرتب دکھانے والوں میں پریڈ میں چین کے جے 10 لڑاکا طیارے بھی شامل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 مارچ 2019 11:31

یوم پاکستان، پاکستان کے برادر ملک ترکی کے طیاروں کا فضائی کرتب کا مظاہرہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مارچ 2019ء) :ملک بھر میں قرار دادِ پاکستان پیش کیے جانے کے 79 سال پورے ہونے پر یومِ پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ جاری ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دے کرکیا گیا۔

جبکہ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر روایتی بگل بجا کر صدر مملکت کی پریڈ گراؤنڈ میں آمد کا اعلان کیا گیا جو خصوصی لال بگھی میں سوار ہو کر پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔ بعدازاں قومی ترانے اور قرآنی آیات کی تلاوت کے ساتھ تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا، جس کے بعد بریگیڈیئر نسیم انور نے پریڈ کا معائنہ کرنے صدرِ مملکت کو باقاعدہ دعوت دی۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیرمحمد ہیں جو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، چئیرمین جوائنٹ چیفس سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہ سلامی کے چبوترے پربراجمان ہیں۔ جبکہ آذربائیجان کے وزیردفاع، بحرین کے فوجی سربراہ اور عمان کے حکومتی حکام بھی خصوصی مہمان کی حیثیت سے شریک ہیں۔

یوم پاکستان پریڈ کے دوران پاکستان کے برادر ملک ترکی کے لڑاکا طیاروں نے فضائی کرتب کا مظاہرہ کیا۔ یوم پاکستان پر ہونے والی پریڈ میں ترکی کے ایف 16 لڑاکا طیاروں کے ساتھ چین کے جے 10 طیارے بھی شامل ہیں جبکہ اس کے علاوہ سعودی عرب، آزربائیجان کے فوجی دستے بھی شریک ہیں۔پریڈ کے دوران پاکستان کے چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کی ثقافت کی نمائندگی کرنے والے فلوٹس میں فن کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔

یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر اسلام آباد میں پریڈ گراؤنڈ کے اطراف کی سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا ہے۔ البتہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل پلان جاری کیا گیا۔جبکہ جُڑواں شہروں میں موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔ یاد رہے کہ آج سے 79 سال قبل 23 مارچ 1940ء کے دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی تھی جس کی وجہ سے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں