ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے کمپنیوں نے جو منافع حاصل کیا واپس لیکر بیت المال میں جمع کرایا جائیگا ، فردوس عاشق اعوان

ڈاکٹر ظفر ادویات ساز کمپنیوں سے بات چیت کے ذریعے ادویات کی قیمتوں کو حقیقت پسندانہ سطح پر لائیں گے،حکومت ایل این جی کے سستے معاہدے کرکے عوام کو ریلیف دیگی ، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑی ہوئی ہے ،رمضان میں مہنگائی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائیگی ،موجودہ حکومت مہنگائی کے حوالے سے اب بھی دو سابق حکومتوں سے بہتر ہے،مہنگائی مزید کم ہونی چاہیے، ڈاکٹر حفیظ شیخ کے آنے سے معیشت میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی،وزیراعظم دورہ چین میں آزاد تجارت کے دوسرے مرحلے پر دستخط کرینگے، جمہوریت کے نام پر مک مکا کی سیاست سے جمہوریت کمزور ہوئی، کسی شخص نے کچھ غلط نہیں کیا تو نیب کی انکوائری سے پریشان نہیں ہونا چاہیے، پارلیمنٹ میں وزراء کی حاضری کو یقینی بنانے کا فیصلہ ہوا ہے، اپوزیشن ہوش کے ناخن لے اور پارلیمنٹ کو دنگل کی جگہ نہ بنائے، معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کی میڈیا کو بریفنگ

منگل 23 اپریل 2019 23:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے کمپنیوں نے جو منافع حاصل کیا واپس لیکر بیت المال میں جمع کرایا جائیگا ، ڈاکٹر ظفر ادویات ساز کمپنیوں سے بات چیت کے ذریعے ادویات کی قیمتوں کو حقیقت پسندانہ سطح پر لائیں گے،حکومت ایل این جی کے سستے معاہدے کرکے عوام کو ریلیف دیگی ، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑی ہوئی ہے ،رمضان میں مہنگائی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جائیگی ،موجودہ حکومت مہنگائی کے حوالے سے اب بھی دو سابق حکومتوں سے بہتر ہے،مہنگائی مزید کم ہونی چاہیے، ڈاکٹر حفیظ شیخ کے آنے سے معیشت میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی،وزیراعظم دورہ چین میں آزاد تجارت کے دوسرے مرحلے پر دستخط کرینگے، جمہوریت کے نام پر مک مکا کی سیاست سے جمہوریت کمزور ہوئی، کسی شخص نے کچھ غلط نہیں کیا تو نیب کی انکوائری سے پریشان نہیں ہونا چاہیے، پارلیمنٹ میں وزراء کی حاضری کو یقینی بنانے کا فیصلہ ہوا ہے، اپوزیشن ہوش کے ناخن لے اور پارلیمنٹ کو دنگل کی جگہ نہ بنائے۔

(جاری ہے)

منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلا س کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ تعمیری تنقیدمیڈیا کا حق ہے ،میڈیا کی مثبت تجاویزکا خیر مقدم کریں گے۔معاون خصوصی نے کہاکہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں ہماری قومی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے کابینہ میں نئے آنے والے ارکان کو مبارکباد دی ۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے ایران کے دورے سے آگاہ کیا ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ ایران ہمارا ہمسائیہ ہی نہیں برادر اسلامی ملک ہے ،وزیراعظم کا دورہ ایران بہت اہمیت کا حامل تھا۔ انہوںنے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں ج لے رہی تھیں جن کا بروقت تدارک ضروری تھا ۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اور ایران کے تجارتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے،سرمایہ کاری آئے گی توملکی معیشت کا پہیہ تیزی سے چلے گا، روزگارکے مواقع پیداہونگے۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم چین کے دورے پر جارہے ہیں،وزیراعظم چین کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر دستخط کرنے جا رہے ہیں،وزیراعظم کی کامیاب سفارتکاری سے بہتر ٹیرف پر یہ معاہدہ ہونے جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ معیشت کا پہیہ چلے گا تو لوگوں کا چولھا جلے گا ۔معاون خصوصی نے کہاکہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے غریب لوگ متاثر ہوئے ،ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے لوگوں میں بے چینی تھی۔

انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر ظفر نے کابینہ کو ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کے حوالہ سے بریفنگ دی ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ڈاکٹر ظفر ادویات ساز کمپنیوں سے بات چیت کے ذریعے ادویات کی قیمتوں کو حقیقت پسندانہ سطح پر لائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے کمپنیوں نے جو منافع حاصل کیا وہ واپس لیا جائیگا ۔ انہوںنے کہاکہ ادویات ساز کمپنیوں سے لیے گئے پیسے بیت المال فنڈ میں جائیں گے۔

معاون خصوصی کے مطابق کابینہ کو بتایا گیا کہ ادویات کی قیمتوں کو جلد کم کرنے کیلئے متعلقہ فریقین سے بات ہوگی اور ا س سلسلے میں مشیر صحت ادویات کی قیمتوں کے حوالے سے میڈیا کو اعتماد میں لینگے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مہنگی ایل این جی حاصل کر کے ایل این جی کے نام پر فراڈ کیا گیا ،حکومت ایل این جی کے سستے معاہدے کرکے عوام کو ریلیف دیگی ۔

انہوںنے کہاکہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑی ہوئی ہے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ رمضان میں مہنگائی کرنے والوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت مہنگائی کے حوالے سے اب بھی دو سابق حکومتوں سے بہتر ہے،مہنگائی مزید کم ہونی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے تمام وزراء کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے اقدامات کریں،وزیراعظم نے تمام وزراء کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوںنے کہاکہ آئندہ بجٹ کو عوام دوست بنانے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔انہوںنے کہاکہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کے آنے سے معیشت میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ میں وزراء کی حاضری کو یقینی بنانے کا فیصلہ ہوا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو یقین دلاتی ہے کہ وزیراعظم اس جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں جس کا فائدہ عوام کو پہنچے ،مہنگائی میں کمی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کا کردار اہم ہے ۔

انہوںنے کہاکہ جمہوریت کے نام پر مک مکا کی سیاست سے جمہوریت کمزور ہوئی۔ معاون خصوصی نے کہاکہ صوبائی حکومتوں کو عوام کو ریلیف دینے کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں،کابینہ میں ردوبدل سے کارکردگی بہتر ہوگی۔سابق وزیر صحت عامر کیانی کی کار کر دگی کے حوالے سے سوال پر انہوںنے کہاکہ کسی شخص نے کچھ غلط نہیں کیا تو نیب کی انکوائری سے پریشان نہیں ہونا چاہیے ۔

انہوںنے کہاکہ سابق حکمرانوں نے قرضے لے کر ملک کو اس نہج تک پہنچایا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گیس کے شعبہ میں ڈیڑھ سو ارب کا خسارہ تھا،انتخابات جیتنے کیلئے گیس ایسے بانٹی گئی جیسے گھر سے کنویں نکلے ہوں،گیس کے اضافی واجبات کی وصولی کے باعث وزیر اور ایم ڈی تبدیل ہوئے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزارت اطلاعات کی ترجیحات طے کی ہیں جو وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔

معاون خصوصی نے کہاکہ اپوزیشن ہوش کے ناخن لے اور پارلیمنٹ کو دنگل کی جگہ نہ بنائے۔ انہوںنے کہاکہ ایمنسٹی سکیم کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ صحافیوں کیلئے عنقریب انٹرم ویج ایوارڈ کا اعلان کیا جائیگا،وزارت اطلاعات صحافیوں کو ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہے،جلدمسائل حل کرینگے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ ماضی کی حکومت نے ڈالر کی قیمت مصنوعی طور پر کنٹرول کی، جس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں