جمہوریت اقتصادی و سماجی ترقی ، بین الاقوامی امن اور سلامتی ، انسانی بنیادی حقوق اور آزادی کی ضمانت دیتی ہے

امن ، انسانی حقوق اور ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے جمہوریت نا گزیر ہے،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

ہفتہ 14 ستمبر 2019 22:23

جمہوریت اقتصادی و سماجی ترقی ، بین الاقوامی امن اور سلامتی ، انسانی بنیادی حقوق اور آزادی کی ضمانت دیتی ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ جمہوریت اقتصادی و سماجی ترقی ، بین الاقوامی امن اور سلامتی کے ساتھ ساتھ انسانی بنیادی حقوق اور آزادی کی ضمانت دیتی ہے، امن ، انسانی حقوق اور ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے جمہوریت نا گزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی جمہوریت کے دن کے موقع پر کیا۔

جو دنیا بھر میں ہرسال 15ستمبر کو منایا جاتا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ جمہوری نظام ایک مشترکہ قدر ہے جس کی بنیاد پر عوام آزادانہ طور پر سیاسی اقتصادی ثقافتی نظام میں شرکت کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ان مقاصد کے حصول کے لیے سیاسی قیادت کو آپس کے اختلافات کو بھلا کر یکجا ہونے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی خوبصورتی یہ ہے کہ ملک کو در پیش مسائل کا حل مقامی طور پر ڈھونڈا جائے۔

(جاری ہے)

جمہوریت شہریوں کی تمام شعبہ ہائے زندگی میں شمولیت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو اس کے اصل وارث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی حکومتی پالیسیوں میں شمولیت جمہوریت کا بنیادی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اختلاف رائے کی بجائے اتفاق رائے کو تقویت دیتی ہے اور متضاد رائے میں اتفاق پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل کے تسلسل جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی سپیکر ، قاسم خان سوری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور تمام سیاسی قوتیں قومی اہمیت کے حامل مسائل پر متحد ہیں اور پارلیمنٹ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے فعال طور پر مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پاکستان میں جمہوری نظام کو بار بار سبوتاژ کیے جانے سے ادارے کمزور ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہی واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ملک کو مضبوط کیا جا سکتا ہے اور ہم اقتصادی طور پر خود کفیل ہو سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں