وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو اکتوبر 2019ء میں گرفتار کرلیا جائے گا

سینئیر صحافی و تجزیہ کار محمد مالک نے وزیراعلیٰ سندھ کی گرفتاری سے متعلق اہم انکشاف کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 21 ستمبر 2019 13:43

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو اکتوبر 2019ء میں گرفتار کرلیا جائے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 ستمبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار محمد مالک نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی گرفتاری سے متعلق اہم انکشاف کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق محمد مالک نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی گرفتاری کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو اکتوبر 2019ء میں گرفتار کرلیا جائے گا۔

قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول پیش گوئی کر چکے ہیں کہ مراد علی شاہ کو سندھ کی حدود سے باہر گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو گرفتار کرنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں اور قوی امکان ہے کہ گرفتاری جمعہ کے روز ہوگی تاہم انہوں نے تاریخ یا مہینے کا نام نہیں لیا کہ کب ہوگی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور بھی نیب کی زیر حراست ہیں جبکہ نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئیر رہنما سید خورشید شاہ کو بھی حراست میں لے رکھا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

پارٹی رہنماؤں کی گرفتاری پر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ حکومت سب کو گرفتار کرکے اپنا شوق پورا کر لے، ہمیں پروڈکشن آرڈرز کی بھی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری پر دونوں اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان گرفتاریوں کو انتقامی کارروائیاں قرار دیا تھا۔ خورشید شاہ کی گرفتاری کے بعد اب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں