پاک فضائیہ کی پہلی خاتون پائلٹ مریم مختار کی چوتھی برسی کل منائی جائے گی

جمعہ 22 نومبر 2019 13:03

پاک فضائیہ کی پہلی خاتون پائلٹ مریم مختار کی چوتھی برسی کل منائی جائے گی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) پاک فضائیہ کی پہلی خاتون پائلٹ مریم مختار کی چوتھی برسی آج منائی جائے گی۔مریم مختار شہید 23نومبر 2015ء کو پاک فضائیہ کے ایف سیون تربیتی طیارے پر معمول کی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب طبی خرابی کے باعث تباہ ہونے کے نتیجہ میں آبادی کو بچاتے ہوئے شہید ہوگئی تھیں۔ مریم مختار 18مئی 1992ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔

انہوں نے انٹر میڈیٹ کا امتحان آرمی پبلک سکول وکالج ملیر کینٹ کراچی سے پاس کیا وہ فٹبال کی بہترین کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ نیشنل وومن فٹ بال چیمپین شپ میں بلوچستان یونائیٹڈ کے لیے بھی کھیل چکی ہیں ۔مریم مختار نے 2014 ء میں پاکستان ائیر فورس میں بطور گریجویٹ کے طور پر شمولیت کی ۔ان کا تعلق پی ا ے ایف کے 132ویں جی ڈی پائلٹ کورس سے تھا جس میں6 دیگر خواتین بھی شریک تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے فلاحی و خیراتی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا وہ ایک ایسے تعلیمی ادارے کی بھی معاونت کر رہی تھیں جہاں ایسے غریب و نادار بچوں کو داخل کیا گیا تھا جو فیسیں ادا کرنے کے قابل نہ تھے۔شہید کی برسی کے موقع پر مختلف شہروں میں خصوصی تعزیتی تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں مرحومہ کی روح کو ایصال ثواب کیلئے قرآن اور فاتحہ خوانی بھی کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں