پاکستان کا بچہ بچہ، سیاسی عسکری قیادت سمیت پوری قوم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ساتھ ساتھ ہے اور انشاء اللہ آزادی تک ساتھ نبھائیں گے،

مسلم امہ پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ ان مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام

پیر 13 جولائی 2020 13:24

پاکستان کا بچہ بچہ، سیاسی عسکری قیادت سمیت پوری قوم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ساتھ ساتھ ہے اور انشاء اللہ آزادی تک ساتھ نبھائیں گے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ، پاکستان کی سیاسی عسکری قیادت سمیت پوری قوم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں ساتھ ساتھ ہے اور انشاء اللہ آزادی تک ساتھ نبھائیں گے۔ مسلم امہ پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ ان مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں۔

پیر کو یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے ایک خصوصی بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے حالیہ اقدامات نے کشمیریوں کو مزید متنفر کر دیا ہے،وہ لوگ جو ماضی میں بھارت سرکار کے ساتھ تھے انہوں نے بھی بھارتی رویے کے باعث علیحدگی اختیار کر لی ہے۔کشمیریوں کی جدوجہد، ایثار اور قربانیوں کی ایک لازوال داستان ہے۔بھارت کی جانب سے ہمہ قسم کے ہتھکنڈے استعمال کیے گئے نئے قوانین لائے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 1931 سے لیکر 2020 تک اس بے مثال جدوجہد میں کء اتار چڑھاؤ بھی آئے لیکن کشمیریوں کے جذبے ماند نہیں ہوئے کشمیری قیادت کو خریدنے کی کوشش کی گئی،نئی کشمیری قیادت سامنے لانے کی کوشش کی گئی لیکن کشمیری قیادت غیر متزلزل رہی اور بھارت کو ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ میں آج کشمیریوں کو، بالخصوص مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے کشمیریوں کو اس دن کے حوالے سے پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ مسلسل تکالیف اٹھا رہے ہیں تکلیف میں ضرور ہیں لیکن آپ تنہا نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا بچہ بچہ، پاکستان کی سیاسی عسکری قیادت سمیت پوری قوم آپ کی حق خود ارادیت کی جدوجہد میں آپکے ساتھ ہے اور انشاء اللہ آزادی تک ہم آپ کا ساتھ نبھائیں گے،ہم آپ کے مقصد کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر کھل کر کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائی اور کشمیریوں کا مقدمہ بطور کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے پیش کرنے کی کوشش کی ۔

ہمیں احساس ہے کہ بہت سے ہمارے دوست ممالک جو ہم سے ہمدردی رکھتے ہیں وہ معاشی مصلحتوں کے باعث آواز کھل کر نہیں اٹھاتے۔انہوں نے کہا کہ سربیا میں ہزاروں بے گناہ لوگ مارے گئے لیکن دنیا خاموش رہی کیا دنیا پھر یہ غلطی دوہرائے گی کیا مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر بھی اپنی نظریں بند رکھے گی دنیا کو سبق سیکھنا ہو گا۔چین نے مقبوضہ کشمیر میں کیے گیے 5 اگست کے بھارتی اقدام کو اپنے عملی اقدامات سے یکسر مسترد کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت بتدریج بے نقاب ہو رہا چین کے ہاتھوں لداخ میں ہونیوالے سبکی ساری دنیا نے دیکھی۔چین سمجھتا ہے کہ چین اور پاکستان کے بہت سے متنازعہ علاقوں پر بھارت قابض ہے۔اب مسلم امہ پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ ان مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں،سوشل میڈیا کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کی آواز کو اتنا ابھاریں کہ یہ گونج ان حلقوں تک بھی پہنچ جائے جو بہرے ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں