تیسرے مرحلہ میں ملک بھر کے تمام پرائمری سکول کھول دیئے جائیں گے، ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے،

ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کو بند کردیا جائے گا، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کا این سی او سی میں پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 29 ستمبر 2020 15:07

تیسرے مرحلہ میں ملک بھر کے تمام پرائمری سکول کھول دیئے جائیں گے، ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2020ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ تیسرے مرحلہ میں ملک بھر کے تمام پرائمری سکول بھی کھول دیئے جائیں گے، ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے جو تعلیمی ادارے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کریں گے ان کو بند کر دیا جائے گا۔ منگل کو این سی او سی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے فیصلہ کیلئے تمام صوبوں کو آن بورڈ لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں پرائمری سکولوں کو کھولنے کا فیصلہ اعداد و شمار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔15 ستمبر سے سکول کھلنے کے بعد اساتذہ، سکول اسٹاف اور طلباء کے ایک لاکھ 71 ہزار 436 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 1284 ٹیسٹ مثبت آئے جو کہ 0.89 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے کہا کہ وہ والدین کو یقین دلاتے ہیں کہ ایس او پیز پر پوری طرح عمل درآمد کرایا جا رہا ہے، جو سکول ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے ان کو بند کر دیا جائے گا۔

وفاقی اور صوبائی محکمے ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ایس او پیز پر مزید سختی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر والدین اور اساتذہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ ایک مشترکہ کوشش تھی جس کے لئے وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں چھوٹے بچوں کے سکول کھولے گئے ہیں، وہ خود ایس او پیز پر عمل نہیں کرسکتے جس کی وجہ سے اساتذہ اور والدین کے کردار میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو چیزوں کا خاص خیال رکھا جائے، اول بچوں کو ایک جگہ جمع نہ ہونے دیا جائے اور دوئم ماسک پہننے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے کو بھی کامیاب بنانے کے لئے ہم سب نے مل کر محنت کرنی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں