ترکی کی حکومت کا زلزلہ کے باعث ہونے والے نقصانات پر یکجہتی کا اظہار کرنے پر پاکستان سے اظہار تشکر

جمعہ 30 اکتوبر 2020 21:38

ترکی کی حکومت کا زلزلہ کے باعث ہونے والے نقصانات پر یکجہتی کا اظہار کرنے پر پاکستان سے اظہار تشکر
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔اے پی پی ۔30اکتوبر ۔2020ء) ترکی کی حکومت نے ازمیر شہر میں شدید زلزلہ کے باعث ہونے والے نقصانات پر یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ترکی کی وزارت خارجہ امور نے اپنے آفیشل ٹویٹر پیج پر کہا کہ از میر شہر میں زلزلہ کے باعث ہونے والے نقصانات پر ہمدردی اور ترک عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے پر برادر ملک پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ترکی کی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اﷲ پاک ہماری دونوں اقوام اور ابدی دوستی کو سلامت رکھے۔ پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفیٰ یردکول نے بھی اس مشکل گھڑی میں اپنے ملک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہمیشہ ترکی کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پاکستان نے خوفناک زلزلہ کے باعث ازمیر شہر میں متعدد عمارتوں کے منہدم ہونے کی اطلاعات پر ترکی کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔

دفتر خارجہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ترکی کے شہر ازمیر میں زلزلہ اور مبینہ طور پر لوگوں کے منہدم عمارتوں میں پھنسے کے حوالے سے خبروں پر پریشانی ہوئی۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی قدرتی آفت کے دوران ترک عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح پاکستانی عوام اپنے ترک بھائی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہماری نیک تمنائیں اور دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ ٹی آر ٹی ورلڈ کے مطابق ترک حکام نے کہا ہے کہ ازمیر میں کم از کم 20 عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں، تقریباً پانچ مقامات پر ملبے کے نیچے افراد دبے ہوئے ہیں، ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں