سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے علماء کے تعاون کی ضرورت ہے ، وزیراعظم

اسلامی فلاحی ریاست بنانے سے متعلق جید علمائے کرام کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے ، علماء و مشائخ کے وفد کی ملاقات میں وزیر اعطم عمران خان کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 جنوری 2021 16:13

سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے علماء کے تعاون کی ضرورت ہے ، وزیراعظم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے علماء کے تعاون کی ضرورت ہے ، اسلامی فلاحی ریاست بنانے سے متعلق جید علمائے کرام کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے علماء و مشائخ کے وفد نے ملاقات کی ، اس ملاقات میں وزیر اعظم نے انتہا پسندی اور فرقہ واریت سے نمٹنے کے لیے علما کے کلیدی کردار کوسراہا جب کہ علماء کی طرف سے وزیراعظم کی اسرائیل سے متعلق پاکستان کے واضح اور دوٹوک موقف کی تعریف بھی کی گئی اور شرکاء نے کہا کہ وزیراعظم نے پوری امت مسلمہ کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے اسلامو فوبیا کے حوالے سے سب سے زیادہ آواز اٹھائی ، پاکستان اور امت مسلمہ میں اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے جب کہ سازشوں کا مقابلہ کرنے کےلیے علما کے تعاون کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست بنانے سے متعلق جید علمائے کرام کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے ، اس لیے علمائے کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ مسلسل جاری رہے گا ، جس میں علمائے کرام کی مشاورت اور رہنمائی لیتے رہیں گے۔

یہاں واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کی تحریک کے خلاف حکومت نے علما اور مشائخ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ، اور اب اپوزیشن کے معاملہ پرحکومت کی جانب سے جید علماء مشائخ کو اعتماد میں لینے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنور الحق قادری کی زیر صدارت آج اہم بیٹھک ہو ئی جس کے بعد شرکا ء کی وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کروائی گئی ۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے اپوزیشن کی جانب سے چلائی جانے والی تحریک اور اس میں ایک دینی جماعت سے وابستہ قد آور شخصیت کی جانب سے روا رکھے جانے والے رویے اور قومی اداروں پر بے جا تنقید کر کے ان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوششوں کے حوالے سے ملک بھر کے تمام مسالک کے جید علماء مشائخ کو اعتماد میں لینے کے لئے آج ایک اہم بیٹھک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد کروائی گئی ۔

بتایا گیا ہے کہ آج مدعو کیے جانے والے علماء مشائخ کو وزارت مذہبی امور، حج و بین المذاہب ہم آہنگی کے دفتر میں آنے کی دعوت دی گئی ، جہاں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا جب کہ بعد ازاں مذکورہ جید علماء مشائخ کی وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کروائی گئی ، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کے اس اقدام کو تمام مسالک اور تمام مذہب کی سرکردہ شخصیات کی جانب سے سراہا جا رہا ہے ، اس کے علاوہ حکومت کے اس اقدام سے حکومت کی دینی حلقوں میں نیک نامی میں اضافہ کے علاوہ حکومت پر دینی حلقوں کے اعتماد میں بھی اضافہ ہونے کا قوی امکان ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں