کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ، ہائی رسک شہروں میں 7 تا 10 روزلاک ڈاؤن کی تجویز

مثبت کیسزکی شرح 13 فیصد سے زائد پرمکمل لاک ڈاؤن کی تجویز ، وفاق کی طرف سے پابندیاں سخت کرنے کی تجاویز صوبوں کو ارسال کرکے ان سے رائے طلب کرلی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 23 اپریل 2021 10:54

کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ ،  ہائی رسک شہروں میں 7 تا 10 روزلاک ڈاؤن کی تجویز
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اپریل2021ء) ملک میں کورونا وباء کے پھیلاؤ میں اضافے باعث ہائی رسک شہروں میں 7 تا 10 روزلاک ڈاؤن کی تجویز دے دی گئی ، وفاق کی طرف سے پابندیاں سخت کرنے کی تجاویزصوبوں کو ارسال کرکے ان سے رائےطلب کرلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے 2مراحل میں پابندیاں سخت کرنےکی تجویز دی ہے ، جن میں کہا گیا ہے کہ پہلےمرحلے میں کورونا پھیلاؤ نہ رکنے پر لاک ڈاؤن نافذکردیا جائے ، مثبت کیسزکی شرح 13 فیصد سے زائد پر مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دی گئی ہے جب کہ دوسرے مرحلے میں ہائی رسک شہروں میں 7 تا 10 روز لاک ڈاؤن کی تجویز کیا گیا ہے ، وفاقی حکومت نے دفاترمیں 50 فیصد عملے کی حاضری کے فیصلے پر عملدر آمد کروانے اور وفاقی دفتری اوقات کار 9 سے دوپہر 2 بجے کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وفاق کی طرف سے صوبوں کو شام 6 تا سحری کاروباربند کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے ، شام کے اوقات میں صرف پیٹرول پمپس اور ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رکھنے کی تجویز ہے ، جب کہ ہفتہ اور اتوار کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ، ہفتہ اور اتوار کو صرف کورونا ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رکھنے کا کہا گیا ہے۔ دوسری طرف پاکستان میں عالمی وباء کوروناوائرس کے باعث مزید 144 افراد جاں بحق ہوگئے اور 5 ہزار 870 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوگئے ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 53 ہزار 818 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے ملک بھر میں مزید 5 ہزار 870 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 784,108 ہوگئی ، جن میں سے اس وقت ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال مریضوں کی تعداد 84 ہزار 976 بتائی گئی ہے ، جب کہ 4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ، اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 144 افراد جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد اب اس وباء سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 16 ہزار 842 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں