جن شہروں میں مثبت کیسز کی شرح زیادہ ہے وہاں نویں سے بارہویں جماعت کے لیے بھی اسکولز عید تک بند رہیں گی: اسد عمر

بازاروں کے اوقات کار شام 6 بجے تک ہی رہیں گے اس کے بعد صرف انتہائی ضروری اشیا کے کاروبار کی اجازت ہوگی جس کی فہرست جاری کی جائے گی

جمعہ 23 اپریل 2021 20:35

جن شہروں میں مثبت کیسز کی شرح زیادہ ہے وہاں نویں سے بارہویں جماعت کے لیے بھی اسکولز عید تک بند رہیں گی: اسد عمر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2021ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کے سر براہ اسد عمر نے کہا ہے کہ جن شہروں میں مثبت کیسز کی شرح زیادہ ہے وہاں نویں سے بارہویں جماعت کے لیے بھی اسکولز عید تک بند رہیں گے۔بازاروں کے اوقات کار شام 6 بجے تک ہی رہیں گے اس کے بعد صرف انتہائی ضروری اشیا کے کاروبار کی اجازت ہوگی جس کی فہرست جاری کی جائے گی۔

انِ ڈور ڈائننگ پر پہلے سے پابندی عائد تھی اب عید تک آؤٹ ڈور ڈائننگ بھی بند کردی گئی ہے البتہ کھانا خرید کر لے جانے یا گھر منگوانے کی اجازت ہوگی۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ کہا کہ موجودہ صورتحال میں شہروں کا لاک ڈاؤن کا خدشہ نظر آرہا ہے اس لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو ہدایات دی گئی ہیں کہ آئندہ چند روز میں صوبوں کے ساتھ مل کر منصوبہ تشکیل دیا جائے اور لوگوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے جو اقدامات کرنے چاہیے وہ تجویز کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انڈور جمز پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔دفتری اوقات کو 2 بجے تک محدود کیا جارہا ہے کیوں کہ 6 بجے تک بازار کھلے ہونے کے باعث لوگوں کو خریداری کا وقت مل سکے جس میں عید کی خریداری بھی شامل ہے، انہوں نے درخواست کی کہ خریداری کے لیے آخری دنوں کا انتظار نہیں کریں۔دفتر میں 50 فیصد ملازمین کے گھروں سے کام کرنے کی پالیسی پر عملدرآمد پر زور دیا گیا ہے۔

دنیا میں وائرس کی مختلف اقسام کے پھیلاؤ کے پیش نظر بیرونِ ملک سے آنے والے افراد کی تعداد میں کمی لانے کی پالیسی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔بیرونِ ملک سے آنے والے افراد کی ٹیسٹنگ، قرنطینہ کے نظام کو مربوط کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تا کہ باہر سے وبا آنے کا خطرہ نہ ہو۔آکسیجن کی فراہمی کو جلد از جلد مزید بہتر بنانے اور ضرورت پڑنے پر درآمد کرنے کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔اسد عمر نے بتایا کہ اس وقت ملک میں آکسیجن کی پوری پیداوار صلاحیت 90 فیصد تک پہنچ چکی ہے جس میں 75 سے 80 فیصد آکسیجن صحت کے لیے استعمال ہورہی ہے جس میں کورونا وائرس کے تشویشناک مریضوں کا بہت بڑا حصہ ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں