رجسٹرڈ کیساتھ کمرشل درآمد کنندگان کو بھی افغانستان سے درآمدات پر ڈیوٹیز ریلیف میں شامل کیا جائے ‘ ریاض احمد

افغانستان میں لاکھوں ہنر مندوں کا روزگار مستحکم ،پاکستانی قالینوں کی برآمدات بڑھیں گی‘چیئرمین پاک افغان فیسلیٹیشن کمیٹی

اتوار 23 جنوری 2022 12:40

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2022ء) پاک افغان ٹریڈ فیسلیٹیشن کمیٹی کے چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے افغانستان کی عوام اور معیشت کوسہارا دینے کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیں لیکن افغانستان کی ہنر مند لیبر سے جڑی پاکستان کی کارپٹ انڈسٹری اورکمرشل درآمد کنندگان کے مطالبے کو بھی پورا کیا جائے ،حکومت کی جانب سے رجسٹرڈ درآمد کنندگان کیلئے افغانستان سے درآمدات پر تمام ڈیوٹیز کو ختم کرنا انتہائی خوش آئند ہے تاہم حکومت تمام کمرشل درآمد کنندگان کو بھی بلا تفریق اس میں شامل کرے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کمرشل درآمد کنندگان کی بڑی تعدادرجسٹرڈ نہیں ہے اس لئے وہ حکومت کے اس ریلیف سے فائدہ نہیںاٹھا سکتے۔

(جاری ہے)

حکومت مراحل طے کرنے کے لئے وقت دے تاہم اس دوران تمام کمرشل درآمد کنندگان کو بھی افغانستان سے درآمد پر عائد ڈیوٹیز سے استثنیٰ دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کی ہاتھ سے بنی کارپٹ انڈسٹری انتہائی نا مساعد حالات کا سامنا کرر ہی ہے اور ریلیف ملنے سے نہ صرف افغانستان میں لاکھوں کی تعداد میں ہنر مندوں کا روزگار مستحکم ہوگا بلکہ ہماری انڈسٹری بھی ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات کے ذریعے موجودہ حجم کے دو گنا قیمتی زر مبادلہ حاصل کر کے اپنے ملک لا سکے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ رجسٹرڈ درآمد کنندگان کے ساتھ کمرشل درآمد کنندگان کو بھی ڈیوٹیز سے استثنیٰ کے ریلیف میں شامل کیا جائے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں