عدالت نے صحافی صدیق جان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا

پولیس کا ایک شیل گم ہوا ہے جو صدیق جان سے برآمد کرنا ہے، پولیس کی دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا، صدیق جان صحافی ہیں ، کسی قسم کی کوئی شکایت نہ آئے۔ جج کے ریمارکس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 21 مارچ 2023 16:21

عدالت نے صحافی صدیق جان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ2023ء) پولیس کی جانب سے دہشتگردی کے مقدمہ میں گرفتار بول نیوز کے بیورو چیف صدیق جان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔دوران سماعت عدالت نے صدیق جان سے تشدد سے متعلق استفسار کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ مجھ پر تشدد نہیں کیا گیا۔صدیق جان کے وکیل میاں علی اشفاق دلائل دئیے۔جج نے پولیس سے استفسار کیا کہ صدیق جان سے کیا برآمد کرنا ہے؟۔

۔جس پر پولیس نے بتایا کہ صدیق جان سے شیلز برآمد کرنے ہیں۔ویڈیو موجود ہے یہ پولیس اہلکار کو روک رہے ہیں،فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانا ہے اور صدیق جان سے شیل برآمد کرنے ہیں۔صدیق جان اور ادریس خان اکٹھے تھے۔پراسیکیوٹر کی جانب سے دلائل دئیے گئے کہ ایک شیل ہے جو برآمد کرنا ہے۔عدالت نے کہا 24 گھنٹے میں آپ لوگوں نے کیا کیا ہے؟۔

(جاری ہے)

وکیل میاں علی اشفاق نے واقعے کی ویڈیو کمرہ عدالت میں چلائی۔

میاں علی اشفاق نے عدالت کو بتایا کہ صدیق جان دس اور صحافیوں کے ساتھ جوڈیشل کمپلیکس سے پچاس میٹر دور ایک عمارت کی چھت پر کوریج کررہے تھے۔ صدیق جان شیلنگ سے مدہوش ایک سی ٹی ڈی اہلکار کو پانی پلاتے رہے اسکو ہوا دی۔ جب پولیس والے کا ہوش بحال ہوا تو اس نے شیلنگ شروع کردی تو صدیق نے اس کو منع کیا۔ صدیق جان نے عدالت میں بیان دیا کہ جس طرف سے شیلنگ ہورہی تھی کارکنان اسی جگہ پتھراؤ کررہے تھے تو میں نے پولیس والے کو کہا کہ ہم آپ کو اوپر لے کر آئے ہیں، آپ شیلنگ کرو گے تو پتھر ہمیں لگیں گے۔

پولیس نے عدالت سے صدیق جان کے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے صدیق جان کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔جج نے ریمارکس دئیے کہ صدیق جان صحافی ہیں ، کسی قسم کی کوئی شکایت نہ آئے۔ خیال رہے کہ گذشتہ رات صدیق جان کو اسلام آباد میں ان کے دفتر کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا، انہیں اسلام آباد میں نجی ٹی وی چینل کے باہر سے سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد ایک گاڑی میں ڈال کر لے گئے تھے بعدازاں اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ صدیق جان کو تھانہ سی ٹی ڈی کے مقدمہ 3/23 میں گرفتار کیا۔صدیق جان کو وقت پر عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔ صدیق جان کو جوڈیشل کمپلیکس جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے تناظر میں گرفتار کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں