بشریٰ بی بی کے ٹیسٹوں کی رپورٹس آگئیں،معمولی نوعیت کے گیسٹروکی تشخیص

ڈاکٹروں کی جانب سے بشریٰ بی بی کی باقی تمام رپورٹس کو کلیئر قرار دیدیا گیا،میڈیکل رپو رٹس میں بشریٰ بی بی کو زیر دینے کے شواہد نہیں ملے ،بشریٰ بی بی نے بلڈ ٹیسٹ کیلئے خون کا نمونہ دینے سے انکار کیا تھا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 20 اپریل 2024 17:12

بشریٰ بی بی کے ٹیسٹوں کی رپورٹس آگئیں،معمولی نوعیت کے گیسٹروکی تشخیص
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل2024 ء) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ٹیسٹوں کی رپورٹس آگئیں،معمولی نوعیت کے گیسٹروکی تشخیص ہوئی ہے ،ڈاکٹروں کی جانب سے بشریٰ بی بی کی باقی تمام رپورٹس کو کلیئر قرار دیدیا گیا ،میڈیکل رپو رٹس میں بشریٰ بی بی کو زیر دینے کے شواہد نہیں ملے ،بشریٰ بی بی نے بلڈ ٹیسٹ کیلئے خون کا نمونہ دینے سے انکار کیا تھا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی الشفاءانٹرنیشنل ہسپتال میں ہونے والے ٹیسٹوں کی رپورٹس آگئیں ہیں جن میں ڈاکٹروں کی جانب سے معمولی نوعیت کے گیسٹرو کی تشخیص کی گئی ہے جبکہ ڈاکٹروں نے باقی تمام ٹیسٹوں کی رپورٹس کو کلیئر قرار دیدیاہے ۔آج الشفاءانٹرنیشنل ہسپتال میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے اینڈوسکوپی سمیت ای سی جی اور الٹرساﺅنڈکے ٹیسٹ کئے گئے جبکہ ڈاکٹروںکو بلڈ ٹیسٹ کیلئے بشریٰ بی بی نے خون کا نمونہ دینے سے انکار کر دیا تھا ۔

(جاری ہے)

تمام ٹیسٹوں کے بعدبشریٰ بی بی چار بجے تک ریکوری روم میں رہیں۔قبل ازیں آج سہ پہر عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا میڈیکل چیک اپ مکمل کر لیا گیا تھاجس کے بعد انہیں واپس سخت سیکورٹی میں سب جیل بنی گالا منتقل کر دیاگیا،بشریٰ بی بی کے ہسپتال میں مختلف ٹیسٹ کئے گئے ،دوران ٹیسٹ ہسپتال انتظامیہ نے دیگر افراد کا داخلہ محدود کیااور میڈیکل روم کے اندر اور باہر پولیس کی نفری تعینات کی گئی۔

بشریٰ بی بی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم بھی اس موقع پر الشفاءہسپتال میں موجود رہے اور ان کی نگرانی میں ڈاکٹروں نے بشریٰ بی بی کی اینڈوسکوپی سمیت ان کے دیگر ٹیسٹ کئے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھا بھی ہسپتال میں موجود تھے ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے تمام ٹیسٹ کروائے جا چکے ہیں اب ہمیں رپورٹس ملنے کا انتظار ہے۔تمام ٹیسٹوں کی رپورٹس ملنے کے بعد انہیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا یا جائیگا ۔

ترجمان بشریٰ بی بی مشعال یوسفزئی کا بھی کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے تحت سابق خاتون اول کی اینڈوسکوٹی کروائی گئی ہے۔خیال رہے کہ احتساب عدالت کے حکم پر بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو آج سخت سیکورٹی میں بنی گالا سے الشفا انٹرنیشنل اسلام آباد میں صبح لایا گیا اس موقع پر ہسپتال کے باہر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور ہسپتال کے اندر بھی مریضوں کی نقل و حرکت کو محدود رکھاگیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران احتساب عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے دونوں کا طبی معائنہ کروانے کا حکم دیا تھا۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاوٴنڈز ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی تھی۔

دوران سماعت وکلا کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے سے متعلق درخواستیں عدالت میں دائر کی گئیں تھیں۔عدالت نے سابق وزیر اعظم سے استفسار کیا تھاکہ آپ یہ بتائیں کہ کیا بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ ہوا ہے؟ بانی پی ٹی آئی کاموقف تھا کہ ڈاکٹر عاصم یونس نے بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ الشفا ہسپتال سے کرانے کی تجویز دی تھی تاہم جیل انتظامیہ پمز ہسپتال سے ٹیسٹ کرانے پر بضد ہے، کہا جا رہا ہے کہ جیل مینول کے مطابق سرکاری ہسپتال سے ہی ٹیسٹ کرانے کی اجازت ہے۔

عدالت نے ریمارکس دئیے تھے کہ انسانی بنیادوں پر بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ نجی ہسپتال سے کرانے کا آرڈر کر دیتے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور بشری بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کا انڈوسکوپی ٹیسٹ نجی ہسپتال سے کروانے کا حکم دے دیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں