جمہوریہ قازقستان کے سفیر کی وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر کا دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے باہمی دوروں کی اہمیت پر مزید زور

پیر 29 اپریل 2024 23:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان میں جمہوریہ قازقستان کے سفیر یرڑان کِسٹافن نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ سے بشکریہ ملاقات کی جس میں میں اقتصادی امور کی وزارت اور پاکستان میں جمہوریہ قازقستان کے سفارتخانے کے سینئر حکام نے شرکت کی جس میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

وفاقی وزیر احدچیمہ نے سفیر کِسٹافن کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے فروری 1992 میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے قیام کے بعد سے مشترکہ بھائی چارے، ثقافتی وابستگی اور باہمی احترام کے دیرینہ رشتوں کو سراہا۔ وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی صلاحیت کو مکمل طور پر استعمال کرنے کے اقدامات بڑھانے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

احد چیمہ نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے کے لیے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے باہمی دوروں کی اہمیت پر مزید زور دیا۔

سفیر کسٹافن نے تجارت، توانائی، زراعت اور علاقائی رابطوں جیسے ترجیحی شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے قازقستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دسمبر 2023 میں آستانہ، قازقستان میں منعقد ہونے والے پاکستان-قازقستان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن (جے آئی سی) کے کامیاب بارہویں اجلاس پر روشنی ڈالی۔ سفیر نے علاقائی رابطوں کے تعاون کو مزید بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا جس سے دونوں ممالک کی باہمی خوشحالی اور ترقی کو فروغ ملے گا۔

وزیر نے بارہویں اجلاس کی کامیاب میزبانی کا اعتراف کیا اور کہا کہ جے آئی سی فورم ترقی اور خوشحالی کے ہمارے مشترکہ وڑن کو مزید تقویت دیگا، جے آئی سی کے بارہویں اجلاس کے دوران سیاحت اور ثقافت کے بارے میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کو سراہتے ہوئے وزیر نے کہا کہ پاکستانی عوام قازقستان کی بھرپور اور متنوع ثقافت کے لیے گہری قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہم نے حالیہ برسوں میں پاکستانی سیاحوں کی قازقستان میں دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھا ہے، سیاحت میں یہ اضافہ اس حقیقی دلچسپی کی عکاسی کرتا ہے جو ہمارے شہریوں کو قازق ثقافت، ورثے اور مناظر میں ہے۔اپنے اختتامی کلمات میں وزیر چیمہ نے سفیر کِسٹافن کو یقین دلایا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے قازقستان کی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کیا جائے گا۔ دونوں فریقوں نے باہمی خوشحالی اور ترقی کے حصول کے لیے پائیدار تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مستقبل کے لیے امید کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں