پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ،پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے نئے کرائے مقرر کر دیئے گئے ہیں،قراة العین

جمعرات 16 مئی 2024 20:05

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ،پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے نئے کرائے مقرر کر دیئے گئے ہیں،قراة العین
چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر و چیئرپرسن ڈی آر ٹی اے قراة العین ملک نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کی گئی نمایاں کمی کے ثمرات ضلع چکوال و تلہ گنگ کے عوام الناس کو فراہم کرنے کے لئے حکومت پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے کرایوں کی شرح میں کمی کر کے نئے کرائے مقرر کر دیئے گئے ہیں جو فوری طور پر ضلع چکوال و تلہ گنگ کے اندرونی و بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے روٹس پر نافذ العمل ہیں۔

انہوں نے اس امر کا انکشاف پبلک ٹرانسپورٹ کے نظر ثانی شدہ نئے کرائے مقرر کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ ڈی آر ٹی اے کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر و چیئرپرسن ڈی آر ٹی اے قراة العین ملک نے پبلک ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایات جاری کی ہیں کہ نئے مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنا کر مسافروں کو بھرپور سہولت فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ ڈی آر ٹی اے کی چیکنگ ٹیموں کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں نئی مقررہ شرح سے زائد کرایہ کی وصولی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر و چیئرپرسن ڈی آر ٹی اے نے پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں میں عوامی آگاہی کے لئے نئے کرایہ ناموں پر مبنی بینرز آویزاں کرنے اور اسی طرح گاڑیوں میں بھی کرایوں کی نئی فہرستیں نمایاں جگہوں پر چسپاں کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے عوام الناس سے بھی کہا ہے کہ نئے مقررہ کرایوں سے زائد ہرگز ادا نہ کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام الناس کو آگاہ کیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں مقررہ شرح سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئیضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم میں ٹیلی فون نمبر 0543660250 پر فوری اطلاع دی جائے ۔

چکوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں