قرض سے نجات اور معاشی خوشحالی کا دور جلد آئے گا، وزیراعظم

معاشی تحفظ کیلئے تلخ اور مشکل فیصلے کیے، ثمرات معاشی استحکام کی صورت میں سامنے آرہے ہیں، کامیابی اس دن ہوگی جس دن قرض سے نجات پائیں گے۔ آئی ایم ایف سے اگلی قسط کی منظوری پر بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 اپریل 2024 12:06

قرض سے نجات اور معاشی خوشحالی کا دور جلد آئے گا، وزیراعظم
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل 2024ء ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قرض سے نجات اور معاشی خوشحالی کا دور بھی جلد آئے گا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں آئی ایم ایف کی قسط جاری ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1.1ارب ڈالر کی آخری قسط ملنے سے معاشی استحکام آئے گا، پاکستان کے معاشی تحفظ کیلئے تلخ اور مشکل فیصلے کئے، ثمرات معاشی استحکام کی صورت میں سامنے آرہے ہیں۔

وزیراعظم نے وزیر خزانہ سمیت تمام معاشی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مشکل میں ساتھ دیا، اللہ نے معیشت کو بہتر بنانے کا موقع دیا، پاکستان کو معاشی ترقی دلائیں گے، کامیابی اس دن ہوگی جس دن قرض سے نجات پائیں گے، 2016ء میں نوازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام مکمل کیا تھا، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں معاہدہ اہم ثابت ہوا تھا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 1 ارب 10 کروڑ ڈالر قسط کی منظوری دے دی ہے، بین الااقوامی مالیاتی فنڈز نے جائزہ اجلاس کے بعد قرضہ پروگرام کی آخری قسط کی منظوری دی،اس حوالے سے واشنگٹن میں پاکستان سے متعلق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کو ایک ارب 10 کروڑ ڈالر فوری جاری کرنے کی منظوری دی گئی، اس ضمن میں آئی ایم ایف کی طرف سے باضابطہ طور پر اعلامیہ کا اجرا جلد متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے آخری قسط کی منظوری اسٹینڈ بائی اریجمنٹ کے تحت دی ہے، 3 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت پاکستان کو 1اعشاریہ 9 ارب ڈالر پہلے مل چکے ہیں، اجلاس میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے پاکستانی معیشت میں بہتری کا اعتراف بھی کیا گیا، آئی ایم ایف کی رقم منتقل ہوتے ہی 9 ماہ پر محیط اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ مکمل ہو جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں